پاکستان ،بھارت کے عوام کا پیار لازوال ہے ، سرحدیں اس پیار میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں‘ سردار سکھ ویندر سنگھ سانگھا

پاکستان کی دھرتی بہت عظیم ہے جس کی سرزمین پر بھگت سنگھ جیسے بہادر سپوت کو پھانسی دی گئی‘ نواسے کا بھارت سے ٹیلیفونک خطاب

بدھ 23 مارچ 2016 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء ) بھگت سنگھ کے نواسے سردار سکھ ویندرسنگھ سانگھا ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کا پیار لازوال ہے ، سرحدیں اس پیار میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھگت سنگھ میمورئیل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بھگت سنگھ ، راج گرو اور سکھ دیو کی 85ویں برسی پر شادمان مارکیٹ چوک میں منعقدہ تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کیا ۔

تقریب بھگت سنگھ کے حقیقی بھانجے سردار حکومت سنگھ ملہی ، انسٹیٹیوٹ آف پیِس اینڈ سیکولر سٹڈیز کی عہدیدار سعدیہ دیپ ،چیئرمین بھگت سنگھ میموریل فاؤنڈیشن امتیاز رشید قریشی ، سینئر وائس چیئرمین صوفی طفیل ندیم ، رانا عباد، کامریڈ شفیق احمد شفیق، سیٹھ بشیر، ساجد بلوچ، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

بھگت سنگھ کے نواسے سردار سکھ ویندرسنگھ سانگھا ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کی دھرتی بہت عظیم ہے جس کی سرزمین پر بھگت سنگھ جیسے بہادر سپوت کو پھانسی دی گئی ،مجھے خوشی ہے کہ بھگت سنگھ میموریل فاؤنڈیشن کی طرف سے اتنے جو ش وخروش سے یہ برسی منائی جا رہی ہے ، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں ہر مکتبہ فکر کو اپنی مرضی کے تحت زندگی گزارنے کی آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھگت سنگھ کا مقصد صرف برطانوی راج کا خاتمہ نہیں بلکہ ہر غریب کو اس کا روٹی کپڑا اور مکان کا بنیادی حق دلوانا تھا۔بھگت سنگھ کے حقیقی بھانجے سردار حکومت سنگھ ملہی نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونو ں ممالک کے شہریوں کو امن سے رہنا چاہیے ، اس سے لوگوں کا آپس کا پیار محبت بڑھے گا،ویزہ پالیسی بھی نرم کی جائے تاکہ لوگ آسانی سے دونوں طرف آجا سکیں ، فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ ہمارا15سالہ پرانا مطالبہ بحال کیا جائے ، شادمان چوک کا نام بھگت سنگھ چوک رکھا جائے ۔

اس موقع پر سرپرست اعلیٰ بھگت سنگھ میموریل فاؤنڈیشن نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالے کا تحریری پیغام بھی پڑھ کر سنا یا گیا ، جبکہ بھگت سنگھ کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :