پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، اسفن یار بھنڈارا

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے ،ہولی کی تقریب سے خطاب

بدھ 23 مارچ 2016 22:44

راولپنڈی۔23مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مارچ۔2016ء) رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے ،پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ،قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی نشستوں کی تعداد میں اضافے کا بل منظور کرایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہندو برادری کے ہولی کے تہوار کے موقع پر عورت فاؤنڈیشن کے زیر اہتما م لالکڑتی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کی راہنماء فوزیہ قصوری ،فرح ناز ،عورت فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن میڈم نوشین ،بریگیڈیئر (ریٹائرڈ )سہیل پیرزادہ ،نگہت سعید ،ڈاکٹر روبینہ ،عابدہ راجہ ،ڈسٹرکٹ انٹر فیتھ کمیٹی کے رکن اوم پرکاش ، نریش چند ،یوسف گل ، پرویز سہوترا ،حاجی گلزار اعوان اور دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کے حقوق کی مکمل پاسداری کی جارہی ہے ۔

ہندو راہنماؤں نے مسلم لیگ ن کی حکومت سے اظہار تشکر کیاکہ حکومت اقلیتوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور انہیں حقوق دیئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے اقدامات حکومتی سطح پر کیے جا رہے ہیں ۔ہندو راہنماؤں نے کہاکہ اقلیتی برادری نے قیام پاکستان کی کوششوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قربانیاں بھی دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی تھے ،ہیں اور رہیں گے اور ہم پاکستان سے اتبی ہی محبت کرتے ہیں جس قدر دیگر مسلم بھائی کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :