چیئرمین واپڈا کا تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ ، تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

بجلی کی قلّت دور کرنے کیلئے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ‘ ظفر محمود کی پراجیکٹ حکام کو ہدایت

جمعرات 24 مارچ 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے 1410میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر چیئرمین واپڈا اس اہم پن بجلی منصوبے کا ہفتہ وار دورہ کیا کریں گے ۔

ان دوروں کا مقصد مقررہ اہداف کے مطابق تعمیراتی کام پر پیش رفت کو ممکن بناتے ہوئے وزیر اعظم کی ہدایت پر اوریجنل شیڈول سے قبل منصوبے کی تکمیل 2017ء کے وسط میں یقینی بنانا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ منصوبے کی شیڈول سے قبل تکمیل کے لئے تیز تر تعمیراتی پلان وضع کیا گیا ہے تاکہ سال 2017کے زیادہ پانی کی آمد کے موسم میں ہی منصوبے سے کم لاگت پن بجلی کی ایک بڑی پیداوار قومی نظام میں شامل کی جاسکے۔

(جاری ہے)

منصوبے کی مختلف سائٹس کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تیز تر تعمیراتی پلان میں منصوبے کے مختلف حصوں کی تعمیر کے لئے جو شیڈول طے کیا گیا ہے ، اُس پر بہر صورت عمل درآمد کیا جائے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک سے بجلی کی قلت دورکرنے کے لئے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔

اُنہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی تعمیر کے وران آنے والے مسائل کو فوری حل کرنے کے لئے کنٹریکٹرز کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھیں۔قبل ازیں تربیلا ڈیم پراجیکٹ کے جنرل منیجر اقبال مسعود صدیقی نے چیئرمین کو منصوبے کے سول اور الیکٹرو مکنیکل ورکس پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا پن بجلی گھر کے موجودہ سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن کا کنٹریکٹ رواں ہفتے ایوارڈ کیا جاچکا ہے اور یہ مئی 2017ء میں مکمل ہوگا ۔

سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن سے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر حاصل ہونے والی بجلی قومی نظام میں شامل کی جاسکے گی۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ تیز تر تعمیراتی پلان کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل خان اور کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی چیئرمین واپڈا کے دورے کے موقع پر موجود تھے۔

تربیلا کا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 4پر تعمیر کیا جارہا ہے ، جس کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3ہزار 478میگاواٹ سے بڑھ کر 4ہزار 888میگاواٹ ہوجائے گی ۔ منصوبے کی تعمیر کے لئے عالمی بنک 840ملین ڈالر مہیا کررہا ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل پر ہرسال 3ارب 84کروڑ یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی۔ منصوبے پر آنے والی لاگت صرف تین سال میں پوری ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :