سپریم کورٹ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی

جمعرات 24 مارچ 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مارچ۔2016ء) سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور انجم رضا کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔جمعرات کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔درخواست گزار توصیف حسین کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ کرایہ داری کے مقدمے میں سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود لاہور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انجم رضا نے کیس کی کارروائی جاری رکھی جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن خاں نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انجم رضا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنا عدالت کا اختیار ہے۔جج کے خلاف کارروائی سے قبل جج کی اے سی آر اور سروس ریکارڈ منگوا کر جائزہ لینا مناسب ہو گا۔سماعت کے دوران عدالتی حکم پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور انجم رضاعدالت میں پیش ہوئے اور غیر مشروط طور پر عدالت سے معافی مانگ لی جس پر فاضل بنچ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور انجم رضا کو وارننگ دیتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ عنوان :