این اے 245کے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدوار محمد کمال کی انتخابی مہم جاری

نامزد امیدوار محمد کمال نے گزشتہ روز نارتھ کراچی کی یوسی 4الیون اے اور یوسی 15ناگن چورنگی پر الیکشن دفاتر کا افتتاح کردیا

جمعرات 24 مارچ 2016 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مارچ۔2016ء) این اے 245کے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزدحق پرست امیدوار محمد کمال اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز نارتھ کراچی کی یوسی 4الیون اے اور یوسی 15ناگن چورنگی پر الیکشن دفاتر کا افتتاح کردیا ۔اس موقع پر الیکشن دفاتر کی افتتاحی تقریبات بھی منعقد ہوئیں جن میں نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال کو ضمنی لیکشن میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

قبل ازیں محمد کمال نے ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے جوائنٹ انچارج ارشاد ظفیر اور رکن اشرف علی کے ہمراہ الیکشن دفاتر کاافتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریبات کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد کمال نے کہاکہ کراچی اور اندرون سندھ کا عوامی مینڈیٹ متحدہ قومی موومنٹ کو ملا ہے لیکن سیاسی مخالفت اور مفادات کی خاطر ایم کیوایم کو حاصل عوامی مینڈیٹ کو نہ صرف مسترد کیا جاتا رہا ہے بلکہ اسے آئین و قانون کے تحت ملنے والے حقوق، اختیارات اور وسائل سے مکمل طور پر محروم رکھاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود ایم کیوایم نے شہر کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ’’صاف کراچی مہم ‘‘ کا آغاز کیا جس میں کارکنان و عوام نے جو ش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور گلی گلی اور محلے محلے جاکر صفائی ستھرائی کے کام انجام دیئے لیکن سیاسی اور ذاتی مفادات کی ہوس میں مبتلا ایم کیوایم کے مخالفین نے اسے بھی ایم کیوایم کے چیئرمین ، کونسلرز اور کارکنان کی گرفتاریوں کا غیر قانونی اور غیر آئینی عمل کرکے سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا ۔

انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کو عوامی خدمت کے عمل سے روکاجارہا ہے اور سیاسی اور جمہوری حقوق سلب کرکے یہ تاثر دیاجارہا ہے کہ ایم کیوایم عوامی مسائل کے حل کیلئے ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں کو اختیارات اور وسائل سے محروم رکھاجائے گا ، ایم کیوایم کے خلاف سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے آپریشن کیاجائے گا ، کارکنان کو ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کیاجائے گا اور ان کی روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی گرفتاریاں کی جائیں گی تو ایم کیوایم پر الزامات عائد کرنے والے یہ سوال کیوں نہیں کرتے کہ وہ کونسے عناصر اور طاقتور قوتیں ہیں جو اختیارات اور وسائل سے محروم رکھ کر منتخب نمائندوں کو عوامی خدمت سے روک رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جو قوتیں بھی قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف سرگرم ہیں وہ خود فریبی کا شکار ہیں اورجلد ہی ان کے سازشیں اور ناپاک منصوبے خاک میں مل جائیں گے ۔ محمد کمال اجتماعات کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ضمنی الیکشن میں پتنگ کے انتخابی نشان پر اپنی مہر ثبت کریں اور الطاف حسین کے نامزد کردہ امیدوار کو زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب بنائیں ۔