عالمی مالیاتی فنڈ نے پا کستان کو 50 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی نئی قسط جاری کر دی

آئی ایم ایف بورڈ نے ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستانی معیشت کے دسویں جائزہ کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان کو 502 ملین ڈالر کی نئی قسط جاری کرنے کی منظوری دی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا خیر مقدم

جمعہ 25 مارچ 2016 22:55

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پا کستان کو 50 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی نئی قسط جاری کر دی۔ آئی ایم ایف بورڈ نے ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستانی معیشت کے دسویں جائزہ کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان کو 502 ملین ڈالر کی نئی قسط جاری کرنے کی منظوری دی۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس جمعہ کی صبح وا شنگٹن میں ہوا۔

(جاری ہے)

دسویں معاشی جائزہ کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات رواں سال فروری کے پہلے ہفتے دبئی میں ہوئے تھے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات سے ملک میں مجموعی معاشی استحکام آیا ہے اور اب ملک اقتصادی نمو کے حصول کی جانب گامزن ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت تمام معاشی جائزے مکمل کرے گا۔