وزیر اعظم کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے‘بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین رضاکارانہ طور پر مستحقین کی خدمت کر رہے ہیں‘ مستحقین کو دی جانیوالی مالی امدادی رقم 45سو سے بڑھا کر 47سو روپے کر دی گئی ہے،وزیر مملکت و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کا سیمینار سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 مارچ 2016 22:42

وزیر اعظم کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے‘بینظیر ..

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مارچ۔2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور معاشی اعشارئیے اس بات کے گواہ ہیں کہ وطن عزیز روز بروز ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 2500 ملازمین رضاکارانہ طور پر غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنیوالی خواتین اور ان کے اہلخانہ کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وہ ہفتہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ”اکنامکس اینڈ کمیونٹی“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں، اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے صدر رانا ناصر‘ ڈسٹرکٹ گورنر ساجد پرویز بھٹی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، وزیر مملکت ماروی میمن کا کہنا تھا کہ مستحقین کو دی جانیوالی مالی امداد مارچ سے 4500 روپے سے بڑھا کر 4700 روپے کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں اے ٹی ایم کے ذریعے رقم کی تقسیم میں بدعنوانی کی شکایات ہوئی تھیں مگر اب مذکورہ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شروع کی گئی ہے تاکہ رقم حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر ڈیٹا بیس سسٹم کے ذریعے غربت شماری کا سروے کیا جارہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے غریب خاندان بھی اس سسٹم میں شامل ہو سکیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ ہنر مند خواتین جو دور دراز علاقوں میں دستکاری کا کام کرتی ہیں ان کے دستکاری کے کام کو آن لائن کیاجارہا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کیا جا سکے جو ملک اور ان خواتین دونوں کے وسیع مفاد میں ہے، انہوں نے پنجاب اسمبلی میں حقوق نسواں بل کی منظوری کے حوالے سے کہا کہ پنجاب حکومت علماءکرام و دیگر سے مل کر اتفاق رائے سے بہتر حل نکال لے گی، ماروی میمن نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے قوانین سمیت دیگر اقدامات اٹھا رہی ہے جس کا مقصد غریب خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے، روٹری انٹرنیشنل کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ روٹری انٹرنیشنل انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے، روٹری انٹرنیشنل کے تقریبا 200 ممالک میں 12لاکھ ممبران ہیں جبکہ پاکستان میں کراچی سے لیکر خیبرپختونخواہ تک 4000 کے قریب ممبران ہیںجو کہ تعلیم‘ صحت‘ امن و امان‘ پولیو‘ واٹر اینڈ سینی ٹیشن‘ اکنامکس اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :