معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندے عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائینگے،شہبازشریف

گلشن اقبال پارک دھماکہ، وزیراعلیٰ کی شدید مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اندوہناک واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں معصوم بچوں، خواتین اور لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں،وزیراعلیٰ

اتوار 27 مارچ 2016 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گلشن اقبال پارک میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کرتے ہوئے واقعہ پر صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس افسوسناک واقعہ کی انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارک میں معصوم بچوں، خواتین اور لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہو ں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہواہے جس میں معصوم بچوں سمیت متعدد افراد کی جانیں گئی ہیں۔ جن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں، وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں جن کے ذریعے میں اس بدترین واقعہ پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کر سکوں۔