سانحہ گلشن اقبال ،عوامی تحریک نے کل بلائی جانیوالی اے پی سی منسوخ کر دی

سانحہ گلشن اقبال پارک کے ذمہ دار پنجاب کے نا اہل حکمران ہیں ‘ڈاکٹر طاہر القادری

اتوار 27 مارچ 2016 23:27

سانحہ گلشن اقبال ،عوامی تحریک نے کل بلائی جانیوالی اے پی سی منسوخ کر ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایت پر گلشن اقبال پارک لاہور کے دہشتگردی کے دلخراش واقعہ کے بعد سانحہ ماڈل ٹان پر کل پیر کے روز بلائی جانے والی اے پی سی منسوخ کر دی گئی ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں دہشتگردی کے زخم خوردہ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ،دہشتگردوں نے ایک بار پھر انسانیت پر حملہ کیا اور ایک بار پھر نا اہل حکمران عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام رہے ۔

انہوں نے کہاکہ مساجد محفوظ رہیں نہ سکول اور نہ ہی پارک محفوظ رہے ۔سانحہ گلشن اقبال پارک کے ذمہ دار پنجاب کے نا اہل حکمران ہیں جن کی توجہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی بجائے ٹھیکوں پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سانحہ لاہور کے حوالے سے 3دن کے سوگ کا اعلان کرتا ہوں کارکن متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کریں۔انہوں نے یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ خون کے عطیات کیلئے ہسپتالوں میں جائیں اور زخمیوں کی ہر ممکن مدد کریں۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹان کی اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرانے والے سیاسی قائدین کے شکر گزار ہیں،اے پی سی کی آئیندہ تاریخ کا اعلان مشاورت کے ساتھ کیا جائے گا۔