میپکو نے بجلی چوری کے نئے قانون کے تحت 105افراد کے خلاف مقدمات کااندراج کروایا،انجینئر اقبال شیخ

بدھ 30 مارچ 2016 22:35

ملتان ۔30مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) نے بجلی چوروں کے خلاف نئے قانون کے تحت کاروائی کا سلسلہ تیز کردیاہے اور اس قانون کے تحت ریجن بھر میں105بجلی چوروں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات کا اندراج کروایاگیاہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اﷲ درانی کی خصوصی ہدایت پر منیجر مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس (ایم اینڈ ایس) میپکو انجینئر اقبال احمد شیخ کی سربراہی میں ٹیموں نے 17فروری2016؁ء سے 28مارچ2016؁ء کے دوران میپکو ملتان سرکل میں 7بجلی چوروں کے خلاف دفعہ 462-Jکے تحت مقدمات کے اندراج کروایاگیا۔

میپکو ڈی جی خان سرکل میں11بجلی چوروں کے خلاف دفعہ 462-Iاور462-Jکے تحت مقدمات درج کروائے گئے۔

(جاری ہے)

ساہیوال سرکل میں 4بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دفعہ 462-Kکے تحت مقدمات کا اندراج کروایاگیا۔میپکو رحیم یار خان سرکل میں30بجلی چوروں کے خلاف دفعہ 462-Iکے تحت،مظفرگڑھ سرکل میں 48بجلی چوروں کے خلاف دفعہ 462-Iکے تحت،بہاولنگر سرکل میں2بجلی چوروں کے خلاف دفعہ 462-Iکے تحت اور میپکو سرکل خانیوال میں 3بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کروائے گئے۔

انجینئر اقبال احمد شیخ نے بتایاکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اﷲ درانی کی ہدایت پر ریجن بھرمیں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کا آغازکردیاہے۔بجلی چوروں کوحکومت پاکستان کے ترمیم شدہ قوانین کے مطابق سخت سزائیں دینے کے لئے مقدمات کا اندراج کروایاجارہاہے۔نئے قانون کے تحت ٹرانسمیشن لائن سے بجلی چوری کرنے پر دفعہ462Hکااطلاق ہوگا اور اسکی سزا تین سال تک قید بامشقت یا ایک کروڑروپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

دفعہ462Iکے تحت بجلی کی ڈسٹری بیوشن لائنوں پر کنڈاڈال کر بجلی چوری کرنے پرتین سال تک قید بامشقت یا 30لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں،دفعہ462Jکے تحت گھریلوصارفین کی جانب سے ٹمپرنگ کرکے بجلی کے میٹر کو سست کرنے پردوسال تک قیدبامشقت یا 10لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔دفعہ462Kکے تحت صنعتی یا کمرشل صارفین کی جانب سے ٹمپرنگ کرکے بجلی کے میٹرکوسست کرنے پرتین سال تک قید بامشقت یا 60لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں،دفعہ462Lکے تحت زرعی صارفین کی جانب سے ٹمپرنگ کرکے بجلی کے میٹرکوسست کرنے پردوسال تک قید بامشقت یا25لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں جبکہ دفعہ 462Mکے تحت بجلی کی ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لائنوں اورمیٹرزکوتوڑنے یا نقصان پہنچانے کے جرم میں 7سال قید بامشقت مع کم ازکم 30لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :