وفاقی ترقیاتی ادارہ نے اسلام آباد کے سیکٹرC-15 میں ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا ،پہلے مرحلے میں 382 ملین روپے کی لاگت آئے گی

جمعہ 1 اپریل 2016 22:20

اسلام آباد۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)نے اسلام آباد کے سیکٹرC-15 میں ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا ہے،پہلے مرحلے میں 382 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس کے تحت سیکٹر C-15 میں میجر روڈز اور سیکٹر کی سروس روڈزکی تعمیر ڈرینج سسٹم بچھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیکٹرC-15 کی تمام میجر روڈز کے ساتھ ساتھ کلورٹس کی تعمیر اور حفاظتی دیواروں کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے۔

جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکٹرC-15 کے ترقیاتی کاموں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد ،ممبر انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سیکٹرز ڈیویلپمنٹ نے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ سیکٹر C-15 کا باقاعدہ کنٹریکٹ ایوارڈ ہو جانے کے بعد کنٹریکٹر نے تمام ہیوی مشینری کو موبلائز کر دیا ہے اور ترقیاتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

C-15 کے 7 بڑے روڈز کی تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ پورے سیکٹر میں ڈرینج سسٹم بھی پہلے مرحلے ہی میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹریکٹ کے مطابق روڈز اور ڈرینج سسٹم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیکٹر میں پروٹیکشن کا کام بھی مکمل کیا جائے گا جس میں 7 کلورٹس کی تعمیر بھی شامل ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ سیکٹر کی ڈیویلپمنٹ کا پہلا مرحلہ ایک سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ سیکٹرC-15 کو نہ صرف مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے بلکہ دوسرے مرحلے کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کر لی جائے تاکہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے فوری بعد اگلے مرحلے پر کام کا آغاز ممکن ہو سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے فنانس ونگ کو ہدایت کی کہ سیکٹر C-15 کے لیے مختص کئے جانے والے فنڈز کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں معیار کو اہمیت دی جائے اور اسٹیٹ آف دی آرٹ شہری سہولیات کو فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ محلِ وقوع کے اعتبار سے سیکٹر C-15 مارگلہ کے سر سبز و شاداب پہاڑ کی حسین وادی میں واقع ہے اس لیے اس کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے تعمیراتی کام کے دوران ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی موئثر حکمت عملی بنائی جائے۔

انہوں نے تمام شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کے ساتھ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لیے موئثر طریقے سے کام کریں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پارک انکلیو کے پہلے مرحلے میں پلاٹوں کا قبضہ دینے اور پارک انکلیوII- کی شاندار کامیابی کے بعد سی ڈی اے نے گذشتہ کئی سالوں سے التواء کے شکار سیکٹر آئی15- کے فلیٹوں کے الاٹیوں کو متبادل پلاٹ دینے کے لیے تمام ترقیاتی مکمل کر لی ہے اور 14 اپریل کو نادرا کے تیار کردہ سافٹ ویئر سے سیکٹر آئی15- کے پلاٹوں کی شفاف قرعہ اندازی کی جا رہی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ سی ڈی اے نے رواں مالی سال کو اسلام آباد میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سال قرار دیا تھااور اسی وجہ سے پرانے اور نئے سیکٹروں کی ڈیویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں کئی اہم اور میگا پراجیکٹس کی ترقیاتی سر گرمیاں عروج پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :