کوئلے کی کان میں‌دھماکہ ، 5 مزدور جاں‌بحق ، 11 لا پتہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 اپریل 2016 11:18

کوئلے کی کان میں‌دھماکہ ، 5 مزدور جاں‌بحق ، 11 لا پتہ

پشاور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02اپریل۔2016ء)پاک افغان سرحد پر واقع اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کی ایک کان میں گیس بھر جانے سے دھماکے کے نتیجے میں 5 کان کن ہلاک ہو گئے۔اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولئی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کان کا بڑا حصہ بیٹھ گیا۔کان میں دھماکے سے 13 مزدور ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 3 مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، بعد ازاں مزید 2 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جبکہ 5 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ملبے تلے دبے دیگر مزدوروں کی تلاش کی سرگرمیاں بھی تیزی سے شروع کی گئیں، تاہم مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث ریسکیو کارروائیاں موثر انداز سے نہیں کی جا رہی تھیں۔ذرائع کے مطابق کان میں کام کرنے والے اکثر مزدوروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے شانگلہ میں سپرگوں سے تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اورکزئی میں 4 ہزار کے قریب کانیں ہیں جن سے کوئلہ نکالا جاتا ہے جبکہ یہاں 3 ہزار سے زائد کان کن کام کر رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کان کن انتہائی خراب حالات میں کام کرتے ہیں تاہم پاکستان میں صورتحال اس حوالے زیادہ نامناسب ہے کیونکہ کانوں میں حادثات سے سالانہ کئی اموات ہوتی ہیں۔3 ہفتے قبل بھی اورکزئی کی ایک کان میں دھماکا ہوا تھا، جس سے وہ بیٹھ گئی تھی، اس حادثے میں 7 کان کن ہلاک ہوئے تھے۔اس سے قبل جنوری 2015 میں بھی ڈولئی میں اسی کان میں دھماکا ہونے سے 6 مزدور ہلاک ہوئے تھے۔