خیبرپختونخوا اور فاٹا کی ایپکس کمیٹی کا شوال میں آپریشن کے آخری مرحلہ اور صوبہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر جاری آپریشن میں پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار

ہفتہ 2 اپریل 2016 22:32

خیبرپختونخوا اور فاٹا کی ایپکس کمیٹی کا شوال میں آپریشن کے آخری مرحلہ ..

راولپنڈی ۔ 2 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا اور فاٹا کی ایپکس کمیٹی نے شوال میں آپریشن کے آخری مرحلہ اور صوبہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر جاری آپریشن میں پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں منعقد ہوا جس میں عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی اور دوبارہ آباد کاری اور طورخم پر سرحدی انتظام کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، کور کمانڈر پشاور اور سینئر صوبائی اور فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف آف آرمی سٹاف نے اس موقع پر قبائلی عوام کے حوصلہ اور جرأت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے عوام نے اپنی بے مثال جرأت اور عزم کے ساتھ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کیا ہے، انہیں پسپا کیا اور معاشرہ میں ان کی بیخ کنی کی جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے قبائلی بھائیوں کے ساتھ کئے گئے اپنے عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا کہ علاقہ کی تعمیرنو کریں گے اور پورے سماجی اقتصادی ڈھانچہ کو بحال کریں گے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس عمل میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ تنظیموں کے مابین ہم آہنگی کی تعریف کی اور انہیں ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو تیز کریں اور بہتر معیار کو یقینی بنائیں۔

کمیٹی نے تمام کراسنگ پوائنٹس بالخصوص طورخم بارڈر پر سرحدی انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات کا فیصلہ کیا کہ بارڈر کراسنگ طریقہ کار کے انتظام اور نگرانی پر اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔ پاک افغان سرحدی علاقہ سے پشاور کے عوام کو موصول ہونے والی بھتہ کیلئے ٹیلی فون کالز کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے پاکستانی حدود کے اندر غیر قانونی مواصلاتی ٹاورز کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد کابل کا دورہ کرے گا تاکہ افغان حکام کو اس مسئلہ کے حل کیلئے تعاون پر آمادہ کیا جائے۔ خیبرپختونخوا کے گورنر اور وزیراعلیٰ نے افواج پاکستان کے بھرپور تعاون کی تعریف کی اور فاٹا اور صوبائی حکومت کی طرف سے صوبہ کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے پاک کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا تاکہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :