بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو معاملے کی اب تک کی کارروائی وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر ہی ہورہی ہے، وہ خود اس معاملے کی نگرانی کررہے ہیں،شوگر ملز سے ایجنٹ پکڑے جانے کی باتیں مخالفین کررہے ہیں،بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان کی ترقی میں روکاوٹ ڈالنے کیلئے کام کررہی ہے، بھارت کی بین االاقوامی خلاف ورزیوں پر تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرنے والی دینی جماعتوں کے بڑوں کے دستخطوں سے متفقہ طور پر نافذ العمل پاکستان کے آئین کے برخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا،صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے توقعات سے بڑھ کر کام کریں گے،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سنیٹر پرویز رشید کا میڈیا کانفرنس سے خطاب

اتوار 3 اپریل 2016 21:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 3اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ اور پاکستانی سیکورٹی ایجنسیوں کی بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو معاملے کی اب تک کی کارروائی وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر ہی ہورہی ہے۔ وہ خود اس معاملے کی نگرانی کررہے ہیں۔شوگر ملز سے ایجنٹ پکڑے جانے کی باتیں مخالفین کررہے ہیں۔

بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان کی ترقی میں روکاوٹ ڈالنے کیلئے کام کررہی ہے۔ بھارت کی بین االاقوامی خلاف ورزیوں پر تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرنے والی دینی جماعتوں کے بڑوں کے دستخطوں سے متفقہ طور پر نافذ العمل پاکستان کے آئین کے برخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے توقعات سے بڑھ کر کام کریں گے۔

صحافیوں کے تمام گروپ اپنے سینئرز کو شامل کرکے اپنے مسائل خود حل کریں۔ حکومت رسول اللہ کے اس طرز عمل پر عمل کرنا چاہتی ہے جس میں بچیوں کو زندہ درگور کیے جانے سے انہوں نے روکا تھا۔ ہمارے اقدامات خواتین پر بے رحمانہ تشدد اور ظلم کے خلاف ہیں۔ افراط زر میں کمی سے لوگوں کی جیبوں میں پیسہ آیا ہے اسی لئے مری کی سیر کیلئے ویک اینڈ پر بڑا رش ہوتا ہے۔

ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان جن کی ڈیوٹی ہے وہی عمل کریں گے مگر ان کیلئے مناسب ماحول ہماری جمہوری حکومت نے فراہم کیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے سیکرٹریٹ ذیل گھر کچہری بازارکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعدپرہجوم میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی میاں منیر عمران، صدر ایف یو جے سجاد حیدر، جنرل سیکرٹری شفقت حمید سندھو، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے میاں رفعت قادری، نائب صدور حامد رفیق ،نسیم شاہ، فنانس سیکرٹری سید ذکراللہ حسنی، جوائنٹ سیکرٹری محمد شہزاد بیگ، میاں محمد سلیم شاہد، مرزا محمد نعیم بیگ،آفتاب نواز، خواجہ ظفراقبال، ضیاء اللہ ناصربٹ، محمد خلیل بزمی، رانا محمد افضل، میاں ابراہیم، لیگی رہنماایم پی اے حاجی خالد سعید، میاں غلام حسین شاہد، رانا منور، کمال چغتائی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا بھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر کو بلا کر ’را‘ کی سرگرمیوں پر بات کی۔ انہوں نے کہا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے اور اس کیلئے ضروری ماحول فراہم کرنے والی جمہوری حکومت ہے۔ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنا اور فیلڈ ورک فورسز کا کام ہے حکومت اور ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں ملک کیلئے بہترین کام کررہے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ را کے ایجنٹ اورشوگر ملز سے ان کی گرفتاری کی خبریں دی جارہی ہیں یہ بھی بتایا جائے کہ یہ ایجنٹ شوگر ملز سے کس ادارے نے گرفتار کیے۔ ایسی خبریں پھیلانے والے را کے ایجنڈے پر ہیں۔ انہوں نے کہا وہ سب کے وزیراطلاعات ہیں صحافی اپنے اختلافات مل بیٹھ کر حل کریں ان کیلئے سب سے بڑھ کر تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز تحریک چلانے کا اعلان کرنے والوں کو پتا ہونا چاہئے کہ ان کے بڑوں مفتی محمود، الشاہ احمد نورانی سمیت علماء نے متفقہ آئین وقانون پر دستخط کیے تھے اس نظریے اور آئین کے خلاف حکومت کوئی اقدام نہیں کرے گی۔

تاہم خواتین پر جو ظلم وستم ہوتا ہے اسے روکنے کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا موجود حکومت نے عوام کو پریشانی سے نکالا ہے۔ اب لوگ سیر کرنے اور تفریح کیلئے جیبوں میں پیسا ہوتا ہے تو جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے اقبال سٹیڈیم میں سری لنکا کی بلائنڈ ٹورنامنٹ آمد پر سری لنکا کو پاکستان کا محسن قرار دیا جبکہ زرعی یونیورسٹی میں اصغر علی تبسم کی کتاب مسافتیں کیا کیا کی رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا محبت ہمیشہ کا جذبہ جب کہ نفر ت کا جذبہ وقتی ہوتا ہے۔