وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کل نادرا سروس سنٹر راولپنڈی کا افتتاح کریں گے

اس میگا سنٹر میں شناختی کارڈ، بچوں کی رجسٹریشن، فیملی رجسٹریشن کے علاوہ پاسپورٹ بنوانے کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی،نئے سنٹر پر شناختی کارڈ کے سارے مراحل ایک ہی کاؤنٹر پر مکمل ہو جائیں گے

پیر 4 اپریل 2016 22:42

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان (منگل) کو نادرا سروس سنٹر راولپنڈی کا افتتاح کریں گے ۔ اس میگا سنٹر میں عوام الناس کو شناختی کارڈ، بچوں کی رجسٹریشن، فیملی رجسٹریشن کے علاوہ پاسپورٹ بنوانے کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ میگا سنٹر میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا دیگر کسی ضرورت کیلئے آنے والے درخواست گزاروں کو کم سے کم وقت میں یہ سہولتیں مہیا کی جائیں۔

نادرا کے روائتی دفاتر میں جانے والے ہر درخواست گزار کو درخواست کا عمل مکمل کرنے کے لئے کہ جس میں ٹوکن لینا، تصویر بنوانا، فنگر پرنٹس و دیگر مراحل شامل ہیں مختلف کاؤنٹرز تک جانا پڑتا ہے اور ہر کاؤنٹر پر انتظار کرنا پڑتا ہے جو بعض اوقات انکے لئے پریشانی کا باعث بھی بنتا ہے ۔

(جاری ہے)

نئے سنٹرزکی خاصیت یہ ہے کہ شناختی کارڈ کے سارے مراحل ایک ہی کاؤنٹر پر مکمل ہو جائیں گے ۔

اس سنٹر میں ہر ایک کاؤنٹر پر تمام ضروری سہولتیں مثلاً کیمرہ، فنگر پرنٹس لینے والی مشین وغیرہ مہیا کر دیئے گئے ہیں تاکہ ایک ہی کاؤنٹر پر یہ تمام مراحل مکمل ہو سکیں۔ میگا سنٹرز کا ایک حصہ پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے مختص کر دیا گیا ہے جس میں نادرا کا سٹاف اور پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا افسرپاسپورٹ سے متعلقہ فرائض سرانجام دیں گے۔ میگا سنٹرز میں شناختی کارڈ کے حصول کیلئے آنے والے 85درخواست گزاروں جبکہ پاسپورٹ کے 96درخواست گزاروں کیلئے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

شروع میں یہ سنٹر معمول کے دفتری اوقات میں خدمات سر انجام دے گا تاہم بعد میں اس کے اوقات میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔ وزیرِداخلہ نادرا ہیڈ کوارٹرز میں آن لائن پاسپورٹ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔آن لائن پاسپورٹ سسٹم کی بدولت پاکستانی شہری جن کے پاس شناختی کارڈ یا نائی کاپ ہے کہیں سے بھی اپنے پاسپورٹ کیلئے انٹرنیٹ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے۔

نادرا کے بنائے گئے اس سسٹم میں ابتدائی طور پر پاسپورٹ کی تجدید کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے جسے بعد میں نئے اور گمشدہ پاسپورٹ کے دوبارہ اجراء کے لئے بھی مہیاکر دیا جائے گا۔ اس سسٹم کے تحت پاسپورٹ فیس کی وصولی ویزہ، ماسٹر کارڈ اور دیگر کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ہوگی۔ امیگریشن اور پاسپورٹ کے مروجہ اصولوں کے تحت موصول ہونے والی آن لائن درخواستوں کو نمٹایا جائے گا۔اس سسٹم کے تحت اگر درخواست گزار سے مزید معلومات کا حصول ضروری سمجھا جاتا ہے تو اسسٹنٹ ڈائریکٹر درخواست گزارکو نزدیکی دفتر یا سفارت خانے بلواسکتا ہے۔ درخواست مکمل ہونے اور منظور ہونے پر درخواست گزار کو اس کا پاسپورٹ ڈی ایچ ایل یا ٹی سی ایس کے ذریعے بھجوا دیا جائے گا۔