وزیر اعظم کی طرف سے عدالتی کمیشن کے قیام کے اعلان سے سیاسی مخالفین کا پاناما لیکس تماشہ ختم ہو گیا ‘ وفاقی ،صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی

سیاسی مخالفین اب الزامات کی خاک اڑانے کی بجائے اس فورم سے رجوع کریں ،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا سینیٹر کامران مائیکل ،برجیس طاہر ، رانا تنویر ، رانا مشہود احمد ، ملک ندیم کامران ،ملک تنویر اسلم اعوان ،آصف بھا ، رانا ارشد ، زعیم قادری ، جہانگیر خانزادہ و دیگر کے بیانات

منگل 5 اپریل 2016 22:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) وفاقی و صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے پانامہ لیکس کے انکشافات کی تحقیقات اور الزامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح پر عدالتی کمیشن کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین اب الزامات کی خاک اڑانے کی بجائے اس فورم سے رجوع کریں ،اعلیٰ سطحی کمیشن کی تحقیقات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا جس سے سیاسی مخالفین کو ایک مرتبہ پھر منہ کی کھانا پڑے گی ۔

وفاقی و صوبائی وزراء سینیٹر کامران مائیکل ،برجیس طاہر ، رانا تنویر ، رانا مشہود احمد خان ، ملک ندیم کامران ،ملک تنویر اسلم اعوان ،آصف بھا ، رانا ارشد ، زعیم قادری ، جہانگیر خانزادہ ، راشدہ یعقوب شیخ ، سائرہ افتخار نے اپنے بیانات میں کہا کہ الزامات لگنے پر وزیر اعظم نے اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کر کے جو اقدام اٹھایا ہے اس کی پاکستانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

سیاسی مخالفین کو اب شوروغوغہ کرنے کی بجائے اور الزامات کا کھیل کھیلنے کی بجائے کمیشن کے رو برو پیش ہو کر ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے اس اقدام سے سیاسی مخالفین کا پاناما لیکس تماشہ ختم ہو گیا ہے۔پوری قوم جانتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کیخلاف الزام تراشی اور پراپیگنڈا کرنے والے سالہا سال سے یہ کھیل رہے ہیں لیکن وہ ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے اور و ہ اب بھی ناکام ہی رہیں گے ۔