پنجاب میں بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ کا منصوبہ لگانے کا بہت پو ٹینشل ہے‘شہبازشریف

منصوبے کے امور میں تاخیر پر برہمی کا اظہار ، مجھے صرف نتائج اور کام چاہیئے، زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فعال انداز میں فرائض منصبی ادا کریں‘وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 8 اپریل 2016 22:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے قابل تجدید ذرائع سے بجلی کا حصول ناگزیر ہے اور پنجاب میں بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ لگانے کا بہت پو ٹینشل ہے۔ وزیراعلیٰ نے بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے کے امور میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات کا پیٹ بھرنے اور زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا اور اس ضمن میں عملی طور پر درست سمت میں اقدامات کرنا ہوں گے، مجھے صرف نتائج اور کام چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو متحرک انداز میں بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے کو آگے بڑھانا چاہیئے تھا کیونکہ توانائی بحران کا خاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اگر پنجاب میں اربوں روپے کے گیس پاور پلانٹس کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے تو بائیو ماس سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے تھی۔ متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فعال انداز میں فرائض منصبی ادا کریں کیونکہ توانائی کے منصوبوں میں تاخیر کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔

وہ گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران حل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے اور کم پیداواری لاگت سے توانائی کے حصول کیلئے کوشاں ہیں ۔صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پنجاب بائیوماس انرجی کمپنی حامد ملہی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری توانائی اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :