Live Updates

یوم تاسیس پر جلسہ ہر حال میں‌ایف نائن پر ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف ڈٹ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 اپریل 2016 13:54

یوم تاسیس پر جلسہ ہر حال میں‌ایف نائن پر ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 اپریل2016ء) : پاکستان تحریک انصاف ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے کے فیصلے پرڈٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے اسلام آباد میں ڈی چوک اور ایف نائن پر پاکستان تحریک انصاف کو جلسے یا دھرنے کی اجازت نہ دینے کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آگیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہان ہے چوہدری نثار علی خان کی گفتگو غلط فہمی پر مبنی ہے۔ چوہدری نثار کو چاہئیے کہ کوئی بھی اشتعال انگیز بیان دینے سے قبل حقائق سے آگاہ ہوں۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ 24 اپریل کو پی ٹی آئی یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ ہر حال میں ایف نائن پارک میں ہی کرے گی۔ یوم تاسیس منانا ہمارا حق ہے اور ایف نائن پارک میں یوم تاسیس کے حوالے سے جلسے کی تیاریوں کے لیے کارکنان کو بھی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی تقریب پُر امن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک میں پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی تقریب شایان شان سے منائی جائے گی جبکہ پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے کلر سیداں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ڈی چوک یا ایف نائن میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا کہا تھا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان کلر سیداں میں آ کر جلسہ کر لیں ہم کسی کو بھی اسلام آباد پر چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات