حکومت صوبے کے حقو ق کا تحفظ ،مفادات پر کو ئی سمجھوتہ نہیں کریگی،پرویزخٹک

ہم چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر گلگت بلتستا ن یکساں ترقی چاہتے ہیں مگر اپنے حقو ق کا بھر پور تحفظ کرینگے ملک میں ہمیشہ غریب کا ستحصال کیاگیا ،ہمیشہ استاد ،پولیس کے سپاہی ،محکمہ مال کے پٹواری پر سیاست ہوتی رہی،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 9 اپریل 2016 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پاک چائنہ اقتصادی راہدار ی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے حقو ق کا تحفظ کرے گی اور اس سلسلے میں صوبے کے مفادات پر کو ئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابل ریور نوشہرہ کلاں میں ویلج ناظم کابل ریور محمد اویس خان، انعام اللہ خان اور ان کے پورے خاندان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر جلسے اورذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر تے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے محمد اویس اوران کے ساتھیوں کو پی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائی اور ان کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا جلسے کی صدرارت انعام اللہ خان نے کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ڈسٹرکٹ نائب ناظم اشفاق احمد خان، تحصیل نائب ناظم زرعالم خان، اویس خان نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ضلعی کونسلرز زاہد حیات جاوید خان، نوشیر خان، ناصر علی شاہ بھی موجود تھے وزیراعلیٰ نے اقتصادی راہداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو مراعات سنٹرل روٹ کودی جارہی ہیں وہی مراعات اگر خیبرپختونخوا کو نہیں دی جاتیں تو میں یقین دلاتاہوں کہ صوبائی حکو مت صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر گلگت بلتستا ن یکساں ترقی چاہتے ہیں مگر اپنے حقو ق کا بھر پور تحفظ کریں گے وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو تحریک انصاف کاسرمایہ قر ار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے میں یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے پی ٹی آئی کے مخالفین بلاجواز تنقید کے ذریعے سیاست میں خود کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں انہوں نے واضح کہ عوام اب باشعو ر ہو چکے ہیں اورکھوٹے اور کھر ے میں تمیز کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے حکومت کا قائم کردہ کمیشن کسی طور تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہمیشہ غریب کا ستحصال کیاگیا اور ہمیشہ استاد ،پولیس کے سپاہی اور محکمہ مال کے پٹواری پر سیاست ہوتی رہی۔موجودہ صوبائی حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے تابع کیا ہے تاکہ غریب لوگوں کو اُن کے حقوق اُن کی دہلیز پر میسر آسکیں انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑے گئے یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل استعمال ہوا جس کی وجہ سے صوبے بھر کی گلیاں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں تھا جبکہ انہی غریب عوام اورنوجوانوں کے ووٹوں سے ہم اقتدار کی کرسی تک پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سوچ اور فکر بد ل چکی ہے اوروہ حقیقی معنوں میں اس ملک اورصوبے میں واضح تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈا کے تحت کرپشن اور کمیشن کے خاتمے، میرٹ اور انصاف کی بالادستی ، اداروں سے سیاسی مداخلت کے خاتمے اوربیورو کریسی کو عوام کا خادم بنانے کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں جس میں ہم سو فیصد کامیابی کا دعوی تو نہیں کرتے مگر بڑی حدتک تبدیل آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں رشوت او رکمیشن نہیں لیتا تو صوبے کے کسی بھی سرکاری افسر عوامی نمائندوں کی کوئی مجال نہیں کہ وہ رشوت لیں ۔ اس ملک کا المیہ ہے کہ قیادت ایماندار نہیں اگر پورے ملک کی سیاسی قیادت اورعوام ایماندار ہوجائیں تو اس ملک کی تقدیر بد ل جائے گی۔ پرویز خٹک نے نوجوانوں اور منتخب عوامی نمائندو ں پر زور دیا کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے نچلی سطح پر اداروں کی بحالی اور کرپشن اور کمیشن کے خاتمے میں اپنا کردار دادا کریں تاکہ تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ کب تک غریب ،غریب تر اور امیر، امیر تر ہوتا رہے گا۔ ہم نے غریب کے بچے کو انگلش میڈیم تعلیم دلانے کاسلسلہ شروع کردیا ہے۔ تاکہ غریب بھی امیروں کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں انہوں نے کہاکہ صوبے کے تعلیمی اور طبی اداروں میں عملے کی حاضری اور تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ا نہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی خود کریں اور ناقص میٹریل اور غیر معیاری کام کی نانشاندہی کریں تاکہ ایس ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جا سکے انہوں نے ٹھیکیداروں پر زور دیا کہ وہ خدا کاخوف کرتے ہوئے عوام کے ٹیکسوں کی رقم عوام کی ترقی پر خرچ کریں۔

ا س سے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے 35 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اولڈ نوشہرہ کشتی پل کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے نوشہر ہ کلاں میں نکاسی اب کے لیے پانچ کروڑ روپے جبکہ سپاس نامہ میں تمام مطالبات کو منظور کرنے کا اعلان کیا اور کابل ریور کے لیے ایک نئے فیڈ ر کااعلان کیا۔