قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے مالی سال 2016-17ء کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے 3468 ملین کے مجوزہ بجٹ کی منظوری دیدی

جمعرات 14 اپریل 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے آئندہ مالی سال 2016-17ء کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے 3468 ملین کے مجوزہ بجٹ کی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکان قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی، راجہ محمد جاوید اخلاص، ملک اعتبار خان، سردار محمد امجد فاروق خان کھوسہ، میاں عبدالمنان، سیّد غلام مصطفیٰ شاہ، محترمہ منزہ حسن، اقبال محمد علی خان، ناصر خان سمیت سیکرٹری قومی اسمبلی، سپیشل سیکرٹری، وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئے آئندہ مالی سال 2016-17ء کے 3468 ملین کے مجوزہ بجٹ کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئے رواں مالی سال 2015-16ء کیلئے مختص بجٹ اور آئندہ مالی سال کیلئے نظرثانی شدہ تخمینے میں کوئی فرق نہیں ہے۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سپیکر ایاز صادق کی طرف سے کفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد کے حوالہ سے ان کے کردار کو سراہا۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ٹیلی فون اٹینڈنٹ کی اپ گریڈیشن اور اس سلسلہ میں عارضی آسامیاں پیدا کرنے کے تسلسل کی بھی منظوری دی۔ فنانس کمیٹی نے مارچ 2016ء میں کمیٹی کے 24 ویں اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :