مشرف غداری کیس، خصوصی عدالت سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری پر برہم ،جواب مسترد

منگل 19 اپریل 2016 13:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2016ء ) خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے پر سیکرٹری داخلہ کے جواب کو مسترد کرتے ہوئے عدم حاضری پر برہمی کااظہار کیا ۔جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے سیکرٹری داخلہ کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب مسترد کردیا۔

عدالت کے استفسار پر جوائنٹ سیکرٹری داخلہ مبارک علی نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ رخصت پر ہیں جس پرجسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کیا وجہ ہے کہ ہمارے بلانے کے باوجود وہ چھٹی پر ہیں۔ سیکرٹری داخلہ خود شکائت کنندہ ہیں۔ ان کا رویہ ناقابل سمجھ ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ صورتحال میں پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کا کس کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

استغاثہ کے وکیل اکرم شیخ نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ سمجھے کہ خصوصی عدالت نے مشرف کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا اس لیئے جانے دیا گیا اب جبکہ مشرف باہر جاچکے ہیں توتین سو بیالیس کا بیان سکائپ سے ریکارڈ کیاجاسکتا ہے۔ جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو بعد میں دیکھیں گے، تاہم عدالت نے جوائنٹ سیکرٹری کو سیکرٹری داخلہ سے رابطہ کرکے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ مشرف کے بیرون ملک جانے کا ذمہ دار کون ہے موجودہ حالات میں کس پر ذمہ داری عائد کریں جس پر پراسیکیوٹر شیخ اکرم نے کہا کہ پرویز مشرف خود بیرون ملک روانگی کے ذمہ دار ہیں۔حکومت نے پرویز مشرف کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کی تجویز دی ہے ملزم کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرانے کا فیصلہ بعد میں کریں گے وفاقی حکومت عدالتی احکام سے آگاہ تھی پھر بھی ملزم بیرون ملک چلا گیا۔ خصوصی عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے سات دن کے اندر جواب طلب کرلیا

متعلقہ عنوان :