ماضی کی تمام نسلیں ملک سے کرپشن کے خطرات کو روکنے اور اس کی تدارک میں ناکام رہی ہیں، بلاول بھٹو

بڑھتی ہوئی کرپشن اور رشوت کو روکنے کے لیے بنائے گئے تمام اداروں نے ان کا خاتمہ کرنے کی بجائے’’وائیٹ کالر‘‘ جرائم کا اضافہ کیا

منگل 19 اپریل 2016 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماضی کی تمام نسلیں ملک سے کرپشن کے خطرات کو روکنے اور اس کی تدارک میں ناکام رہی ہیں اور نئی نسل اپنی مکمل طاقت سے اس برائی کا خاتمہ کرے گی، جاری کردہ بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بڑھتی ہوئی کرپشن اور رشوت کو روکنے کے لیے بنائے گئے تمام اداروں نے ان کا خاتمہ کرنے کی بجائے’’وائیٹ کالر‘‘ جرائم کا اضافہ کیا، اس مقصد کے لیے قائم کیے گئے نیب، ایف آئی اے ، عدالتوں اور دیگر اداروں نے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں کیا جس کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں کرپشن بلا روک ٹوک بڑہتی رہی،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نئی نسل اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ موجودہ احتسابی عمل کو سیاسی انتقام کے لیے مخصوص افراد کو نشانہ بنانے کے لیے آلات کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے شفاف اور غیرجانبدار طریقہ کار کی کمی نے قوم کوبڑا نقصان دیا ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب وقت ہے کہ نئی نسل کرپشن کے خاتمے کے لیے مضبوط ادارے قائم کرے اور بیک وقت سب کے لیے معاملہ بہتر کرے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی کو ’’مقدس گائے‘‘ بنانے کے عمل نے احتساب کے اقدامات کو نقصان پہنچایا ہے اور مستقبل میں ایماندار اور موثر احتساب کے لیے کرپشن کے خاتمے میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں کسی کو بھی مقدس گائے نہ بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ پانامالیکس نے دنیا کے مختلف ممالک کو ہلا دیا ہے اور اس کے جھٹکے ہمارے ملک میں بھی محسوس کیے جارہے ہیں، یہی معاملہ ہے جس کو ماضی کی نسلیں سنبھال نہیں سکیں اور اب ہماری نئی نسل پر یہ ذمیداری منتقل ہوگی کہ وہ کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے طریقہ کار وضح کرے اور معاشرے کو کرپشن سے پاک بنائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کرپشن کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ سب کے لیے برابر اور تمام زاویوں سے شفاف نظام لانے کے لیے قانونسازی کے متعلق منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :