نوگوایریاز لاہور کے گرد و نواح میں بھی موجود ہیں،قمر زمان کائرہ

پنجاب میں نوگوایریا پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان بالکل درست ہے، حکمران طبقہ اپنا احتساب نہیں ہونے دیگا نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 20 اپریل 2016 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 اپریل۔2016ء) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں نوگوایریا پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان بالکل درست ہے نوگوایریاز لاہور کے گرد و نواح میں بھی موجود ہیں اس ملک میں حکمران طبقہ اپنا احتساب نہیں ہونے دیں گے نجی ٹی وی چینل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم پنجاب میں حکومت سے نوگوایریا کا کہہ رہے تھے تو پنجاب حکومت ہماری باتوں کا مذاق اڑا رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ پنجاب میں دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے ہماری پولیس کافی ہے یہاں پر کوئی نوگوایریا نہیں ہے اب ثابت ہو گیا کہ پنجاب نوگوایریا کا گڑھ نکلا انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمجھنا چاہئے کہ آرمی چیف سمیت پارلیمنٹ اور ہر طبقہ کے لوگ شفاف احتساب کرنا چاہتے ہیں یہ وقت ہے کہ احتساب میں سب کا ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ چارٹرآف ڈیموکریسی میں احتساب کی شق موجود تھی اس پرنواز شریف نے اتفاق نہیں کیا اس وقت ہمارے ساتھ اس شق پر نواز شریف کا ساتھ دیتے تو آج یہ نوبت پیش نہ آتی ۔