خدا کرے وزیراعظم پر لگے الزامات غلط ثابت ہوں ،فرانزک آڈٹ فرم کے بغیر عدالتی کمیشن کسی کام کا نہیں، ہم سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں ،میاں صاحب نے جب ایک آمر سے معاہدہ کیا تھا تو ہمیں اعتماد میں نہیں لیا

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کاوزیراعظم کے خطاب پر ردعمل

جمعہ 22 اپریل 2016 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ خدا کرے وزیراعظم پر لگے الزامات غلط ثابت ہوں ،فرانزک آڈٹ فرم کے بغیر عدالتی کمیشن کسی کام کا نہیں،مسئلے کا حل صرف عالمی فرانزک آڈٹ فرم ہے ، ہم سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں ،کل بھی جمہوریت کی حفاظت کی تھی اور آج بھی کریں گے ،میاں صاحب نے جب ایک آمر سے معاہدہ کیا تھا تو ہمیں اعتماد میں نہیں لیا ۔

جمعہ کو پریس کانفرنس میں وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل میں کہا کہ خدا کرے وزیراعظم پر لگے الزامات غلط ثابت ہوں ،ہم ملک کے نظام کو بہتر کرنا چاہتے ہیں ۔کل بھی جمہوریت کے لئے کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں ۔خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے لچک دکھائی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں صاحب نے آمر کے ساتھ معاہدہ کیا تو ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تھا ۔نوازشریف کو ایئرپورٹ سے واپس کیا گیا تو تب بھی پیپلز پارٹی ان کے لئے وہاں پہنچی ۔

نوازشریف کم از کم پیپلز پارٹی کو کچھ نہ کہیں کیونکہ ہر برے وقت میں پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کا ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پانامہ لیکس کے معاملے پر دو دفعہ خطاب کر کے اس کی اہمیت کو خود اجاگر کیا ہے ۔انہوں نے قوم کو باور قرایا کہ پردے کے پیچھے کچھ ہے ۔ججز کی سربراہی میں کمیشن بنانا مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ فرانزک آڈٹ فرم کے بغیر عدالتی کمیشن کسی کام کا نہیں ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسئلے کا حل صرف عالمی فرانزک آڈٹ فرم ہے ۔