پاکستان اور صوبہ سندھ سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش اور محفوظ ہے،گورنر سندھ

ہفتہ 23 اپریل 2016 23:05

کراچی ۔ 23 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور صوبہ سندھ سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش اور محفوظ ہے اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں خصوصاً غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، سماجی و معاشی ترقی کے لئے سفارتی فورم فاوٴنڈیشن کے اراکین ہمارے پیارے وطن کے مثبت تاثر کو اجاگر اور پاکستان کی ترقی کے لئے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں، میں اس فورم کے زیر اہتمام انفرادی اور ادارتی سطح پر کام کرنے والے ہر فرد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس فورم کے تحت ہمیں موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز کے لئے تیار رہنا ہوگا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوٴس میں سماجی و معاشی ترقی کے لئے سفارتی فورم فاوٴنڈیشن کے زیر اہتمام دوسرے سفارتی و غیر ملکی سرمایہ کاری ایوارڈ 2016ء کی تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سعودی عرب، امریکہ، چین، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، اومان، ایران سمیت دیگر ممالک کے قونصل جنرل اور سفارت کاروں سمیت معروف سرمایہ کار و تاجر ایس ایم منیر، ارشد صدیقی، افضال احمد صدیقی، عبد الحسیب خان بھی شامل تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت بھی مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کے لئے تعمیری اقدام اٹھا رہی ہے، اس وقت ہم درست سمیت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر سرمایہ کار دوست پالیسی جاری رہنے سے آئندہ چند برسوں میں اچھی معاشی پیداوار اور خوشحالی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اہم کردار ادا کر رہی ہے یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان اور صوبہ سندھ میں چین، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، مشرق وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات کی ملٹی نیشنل کمپنیاں مختلف کاروبار میں مصروف ہیں اور یہ کمپنیاں ملکی معاشی پیداوار کے ساتھ ساتھ سماجی ترقی کے شعبے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

گورنر سندھ نے سفارت کاروں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سفارت کار اپنے اپنے ملکوں کی کمپنیوں کو پاکستان اور بالخصوص صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کر رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفارتی فورم فاوٴنڈیشن کے سرپرستی ارشد صدیقی نے کہا کہ سفارتی سماجی و معاشی ترقی کے لئے سفارتی فورم فاوٴنڈیشن کا قیام 2011ء میں عمل میں لایا گیا تھا یہ ایک آزاد اور غیر سیاسی فورم ہے جس کا مقصد پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر اور بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ماحول کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے کرپشن کے خلاف نہ صرف آواز بلند کی بلکہ اس کا آغاز بھی اپنے ادارے سے کیا۔ افضال احمد صدیقی نے کہا کہ حکومت کے اچھے اقدامات کی وجہ سے آج معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے گورنر سندھ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ شب و روز کام کرتے ہیں ہمیں جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو ہم نے ان سے رابطہ کیا جسے حل کرنے میں گورنر سندھ پیش پیش رہے ، بزنس کمیونٹی کے لئے گورنر سندھ کی خدمات بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو نمائش سے 400 سے زائد معاہدے ہوئے ہیں اس قسم کے اقدامات سے ہماری برآمدات بڑھیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 8 بلین ڈالرز سے بڑھ کر 20 بلین ڈالرز سے تجاوز کر چکے ہیں جو خوش آئند ہے۔ تقریب میں پاکستان کی معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے خدمات انجام دینے والوں کے لئے ایوارڈ دئیے گئے۔ تقریب میں فورم کی طرف سے اعلیٰ خدمات پر گورنر سندھ کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :