آرمی چیف 2روزہ سرکاری دورے پر اردن پہنچ گئے،پرتپاک استقبال

جنرل راحیل شریف کی شہزادہ حسن بن طلال اور فضائیہ کے سربراہ سمیت دیگر عسکری حکام سے ملاقاتیں م علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال آرمی چیف کو دہشت گردی کے خلاف موثر اقدام کے اعتراف میں اردن کا سب سے بڑا اعزاز’’میڈل آف میرٹ‘‘ عطا

پیر 25 اپریل 2016 23:05

راولپنڈی/عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف دوروزہ سرکاری دورے پر اردن پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مشل نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف کے استقبال کے لئے اردن کی فضائیہ کے سربراہ بھی موجود تھے۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اردن کے شہزادے حسن بن طلال اور اردن کی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل منصور الجبور سمیت دیگر عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں،جس میں علاقائی سلامتی اور فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون و تربیت کے تبادلوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں آرمی چیف کو اردن کا سب سے بڑا اعزاز’’میڈل آف میرٹ‘‘ عطاکیا گیا،آرمی چیف کو اعزاز دہشت گردی کے خلاف موثر اقدام کے اعتراف میں دیاگیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اب تک مختلف ممالک کی جانب سے عالمی ایوارڈ دیئے گئے ہیں ۔ ان میں سعودی عرب سے آرڈر آف عبدالعزیز سعود ، امریکہ کا لیجئن آف میرٹ ، برازیل کی طرف سے آرڈر آف ملٹری اور اب اردن کی جانب سے میڈل آف میرٹ ، ترکش لیجئن آف میرٹ شامل ہے ۔……