قومی احتساب بیوور نے بدعنوانی کے مختلف مقدمات کی مفصل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی

بدھ 27 اپریل 2016 22:39

اسلام آباد ۔ 27 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اپریل۔2016ء) قومی احتساب بیوور(نیب) نے کہاہے کہ بدعنوانی کے سدباب کیلئے نیب میں اس وقت کرپشن کے حوالے سے 639 انکوائریاں اورتحقیقات زیرالتواہیں جن میں سے 336 انکوائریوں اورتحقیقات حتمی مراحل میں ہیں جس کے بعد ان کیسوں پرمزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ بدھ کو نیب کی جانب سے زیرالتوا میگاسکینڈل سمیت بدعنوانی کے مختلف مقدمات کی مفصل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق زیرالتوا مقدمات کی انکوائریاں اورتحقیقات مکمل کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے تاکہ کم سے کم وقت میں ان مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچایاجاسکے۔ رپورٹ کے مطابق بدعنوانی میں ملوث افراد میں سے 401 بدعنوان افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ انکوائریاں اورتحقیقات لاہورمیں جاری ہیں جہاں اس وقت بدعنوانی کے 221 کیسوں کی انکوائریاں جاری ہیں۔ کراچی میں 215، راولپنڈی میں 179 جبکہ خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں بدعنوانی کے 120,120کیس زیرالتواہیں۔ ای سی ایل میں راولپنڈی کے 140،لاہور106،کراچی 91،خیبرپختونخواکے 43 جبکہ بلوچستان کے 18 افرادکے نام ڈالے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :