سندھ اسمبلی کی ناقص سیکورٹی کی قلعی کھولنے کی پاداش میں اقرارالحسن اور سرعام کی ٹیم کے اراکین کی گرفتاری پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت

جمعہ 29 اپریل 2016 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ اسمبلی کی ناقص سیکورٹی کی قلعی کھولنے کی پاداش میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرِعام‘ کے میزبان اقرارالحسن اور سرعام کی ٹیم کے اراکین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سرعام کی ٹیم نے سندھ اسمبلی کی ناقص سیکورٹی کا بھانڈا پھوڑ کر احسن اقدام کیا ہے جس پر اقرار الحسن اور سرعام ٹیم کے تمام اراکین خراج تحسین کے مسحق ہیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ ناقص سیکورٹی اور سیکورٹی اہلکاروں کی غفلت کی نشاندہی کرنے پر اقرار الحسن اور سر عام کی ٹیم کو حکومت سندھ کی جانب سے سراہا جاتا لیکن اس کے برعکس اقرار الحسن اور سر عام کی ٹیم کے اراکین کے ساتھ جس طرح مجرمانہ رویہ اپنایا گیا ہے وہ معاشرے کی برائیوں کو میڈیا پر اجاگر کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ اقرار الحسن اور سر عام کی ٹیم کے تمام اراکین کو فی الفور رہا کیاجائے اور مجرمانہ غفلت اور کوتاہی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر سندھ اسمبلی اور اس کے تمام اراکین کے تٖحفظ کو یقینی بنایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :