حکومت بہتر مالی حکمت عملی کے باعث بجٹ خسارہ 4.3 فیصد تک لانے میں کامیاب ہوئی ہے،ریونیو میں اضافہ 19 فیصد تک پہنچ گیا ہے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا دیرپا ترقی کیلئے اصلاحات بارے پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 اپریل 2016 22:50

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت رواں مالی سال کے دوران بہتر مالی حکمت عملی کے باعث بجٹ خسارہ 8.8 فیصد سے کم کرکے 4.3 فیصد تک لانے میں کامیاب ہوئی ہے، ٹیکس نیٹ کے دائرہ کو بڑھایا جا رہا ہے جبکہ رواں مالی سال ریونیو میں اضافہ 19 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فنانس ڈویژن میں دیرپا ترقی کیلئے اصلاحات میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان نے اجلاس کو اصلاحات میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی اور انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پسماندہ طبقے کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ فنانس ڈویژن کی طرف سے بہتر مالی اقدامات کے باعث انٹرنیشنل کریڈٹ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ کو بہتر قرار دیا ہے جس کی بدولت ہم مائیکرو اکنامک میں استحکام پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے بجٹ 2016-17ء کی تجاویز حکومت کے زیادہ سے زیادہ شرح نمو کے ہدف کو مد نظر رکھ کر ترتیب دینے کی ہدایت کی کیونکہ اس سے ملک میں روزگار کے وسیع مواقع کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :