بلاول بھٹو نے آزادکشمیر حکومت میں کرپشن اور بدانتظامی کو تسلیم کر لیا ہے،عوام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا خوب محاسبہ کریں گے

پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکی قیادت کے پاس کرپشن کے سواکوئی ایجنڈا نہیں،وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

ہفتہ 30 اپریل 2016 23:00

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے آزادکشمیر حکومت میں کرپشن اور بدانتظامی کو تسلیم کر لیا ہے ،بلاول بھٹو کی تقریر میں یہ تاثر واضح نظر آ رہا تھا کہ وہ آزادکشمیر کی حکومت اور ان کی مقامی قیادت سے خوش نہیں، آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے جو منصوبے بلاول بھٹو کو بتائے اُن کی حقیقت اوراُن میں ہونے والی کرپشن سے پوری کشمیر ی قوم آگاہ ہے اوراب وہ دوبارہ کرپشن نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے جیسی باتوں میں آنے والے نہیں ہیں، وہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا خوب محاسبہ کریں گے۔

بلاول بھٹو کی کوٹلی میں تقریر پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی اچھی ہوتی اور اگر اُن کو عوام کا اعتما دحاصل ہوتا تو وہ آج دوسری سیاسی جماعتوں سے اتحاد کی بھیک نہ مانگ رہے ہوتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سمیت پورے ملک میں پیپلز پار ٹی زوال کا شکار ہے اور اُن کی پسپائی کا اندازہ اس امر سے لگا یا جاسکتا ہے کہ آج اُن کو شیخ رشید جیسے لیڈر کی ضرورت آنے پڑی ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ دوسروں پر ذاتی حملہ کرنے کی بجائے اورکیا ہی اچھا ہوتا کہ وہ جذبات کا سہارا لینے اورنعروں کے بجائے کشمیری عوام کو کوئی مستقبل کا ایجنڈا دیتے لیکن افسوس کہ اُن کی آزاد کشمیرکی قیادت کے پاس کرپشن کے سواکوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے تو اپنی پیپلز پار ٹی مرکزی حکومت کے دور میں کشمیر کونسل سے آزادکشمیر کے لیے 80 فیصدکے فنڈز بھی پورے نہ دیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کا ہی خاصا ہے کہ ہم نے نہ صرف کشمیر کونسل سے آزاد کشمیر کو 80فیصد کے فنڈ کی دستیابی کو یقینی بنایا بلکہ اس کے علاوہ کونسل کے ممبران کے فنڈز میں تین گناہ اضافہ بھی کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کشمیریوں کے حقوق کی بات کرنے والے بلال بھٹو اپنے دور حکومت میں کہاں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز محمد نوازشریف کو ہی حاصل ہے کہ انہوں نے جنرل اسمبلی کے تین اجلاسوں میں مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں اٹھایا او ر شاید بلال بھٹو اس حقیت سے بھی نا آشنا ہیں کہ ان کی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت نے خود نواز شریف کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امید کی آخری کرن تسلیم کیا ہے ۔

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیری عوام با شعور ہیں ،اپنا اچھا برا خوب جانتے ہیں وہ اپنے ووٹ کا فیصلہ خالصتاً میرٹ پر کریں گے اور آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کوکامیاب کر کے محمد نواز شریف کے وژن کو آزاد کشمیر میں عملی طور پر نافذ کریں گے ۔