مزدوروں کے عالمی دن پر ملک کے پسینہ بہانے والے مزدور اور کسان طبقے کو ان کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،محنت کش طبقہ ریاست، قوم، معیشت اور معاشرے کی ریڑہ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان

اتوار 1 مئی 2016 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر ملک کے پسینہ بہانے والے مزدور اور کسان طبقے کو ان کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ محنت کش طبقہ ریاست، قوم، معیشت اور معاشرے کی ریڑہ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو محنت کش طبقے کی اہم حمایت حاصل رہی ہے اور ماضی میں پیپلزپارٹی نے کسانوں اور مزدوروں سمیت ملک کے تمام مزدور طبقات کے حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے،انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی خوشحالی، ترقی اور انصاف ہمارے اہم مقاصد اور مشن میں شامل ہے،لیبر پالیسی کے ساتھ ساتھ ٹریڈ یونین کے حق سے لیکر صنعتی اور کمرشل یونٹس میں مزدوروں کی حصیداری پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومتوں کی بڑی کامیابیاں ہیں، ہماری پارٹی سمجھتی ہے کہ متحرک، باشعور اور محنتی مزدور قومی ترقی کی پیش رفت کے لیے اہم ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یوم مئی سے فقط دو دن قبل پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کی جانب سے ”سندھ ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس ( ترمیمی) بل 2016“ اور” سندھ بانڈیڈلیبر سسٹم( ایبالیشن) بل 2015“ منظور کرنے سے پیپلزپارٹی کی مزدور طبقے سے رفاقت کی شدت ظاہر ہوتی ہے،پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پیپلزلیبر بیورو کے قیام کا مقصد بھی یہی تھا کہ مزدوروں کے حقوق کے واسطے مستقل مزاج جدوجہد پر حکمت عملی تیار کرنے کے لیے مزدورطبقے کو ایک متحرک اور مستحکم پلیٹ فارم مہیا کیا جائے،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ملک کے مزدور طبقے نے اپنے پسینے، خون اور اشکوں کی مل کر قربانی دی ہے اور یہ رشتہ آنے والے نسل تک بھی منتقل ہونے کو تیار ہے،بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی تمام ٹریڈ یونینز، مزدور رہنماوٴں اور کارکنان کو کھلی دعوت دی ہے کہ وہ ملک میں مزدور طبقے کے حقیقی حقوق کی حاصلات کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کی جدوجہد اور کاوشوں میں شامل ہوجائیں۔