جوہرآباد میں سستے ماڈل بازار کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے،ملک شاکر بشیر اعوان

پیر 2 مئی 2016 22:29

جوہر آباد۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مئی۔2016ء ) قومی اسمبلی کے رُکن ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں عوام الناس کو روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے جوہرآباد میں سستے ماڈل بازار کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور انشاء اﷲ اسے بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کیلئے تین کروڑ 80لاکھ روپے کے فنڈز منظور کئے ہیں اور سستے ماڈل بازار میں عوام کی سہولت کیلئے تمام اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ بعد ازاں اُنھوں نے تاجر نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خوشاب سے پسماندگی کو جڑوں سے اُکھاڑنا میرا نصب العین ہے ۔ میری پوری کوشش ہو گی کہ عوام کا معیارِ زندگی بلند ہو اور تمام اشیائے ضروریہ اُنھیں قوت خرید کے مطابق دستیاب ہوں۔

متعلقہ عنوان :