وزیراعظم خود فریبی سے نکل آئیں،2018بہت دور ،فیصلہ اسی سال ہوگا‘معاملہ اتنا سادہ نہیں جنتا نوازشریف سمجھ بیٹھے ہیں، تحقیقات ہونے تک عہدہ چھوڑ دیں‘شہباز شریف شعبدہ بازی کی بجائے عوام اور ہسپتالوں پر توجہ دیں، دھمکیوں کی بجائے کرپشن کرنیوالوں کو الٹا لٹکانے کا وعدہ پورا کریں

قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشیدکی صحافیوں سے گفتگو

منگل 3 مئی 2016 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کوتلقین کی بجائے خود صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں، معاملہ اتنا آسان اور سادہ نہیں جتنا’’معصوم‘‘ وزیراعظم سمجھ بیٹھے ہیں، اب فیصلہ2018 میں نہیں اسی سال ہونے والا ہے، شہباز شریف بلاول کو دھمکیاں دینے کی بجائے کرپشن کرنیوالوں کو الٹا لٹکانے کا وعدہ پورا کریں اور شعبدہ بازی بند کرتے ہوئے ہسپتالوں کی حالت درست کریں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے وزیراعظم کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اپوزیشن کو صبر کی تلقین کی بجائے نواز شریف کو خود صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، انہیں خود فریبی سے نکل کر معاملے کی نزاکت کو سمجھنا چاہئے اور تحقیقات مکمل ہونے تک عہدہ چھوڑ دینا چاہئے کیونکہ معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا وہ سمجھ بیٹھے ہیں، انکا کہنا تھا کہ2018کس نے دیکھا ہے اب فیصلہ اسی سال ہو گا جلد وزیراعظم کی ساری غلط فہمیاں دور ہو جائینگی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب پر سخت تنقید کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری کو دھمکانے کی بجائے جس نے کرپشن کی ہے اسے پکڑیں اور الٹا لٹکانے کا وعدہ پورا کریں، میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب کے عوام میاں شہباز شریف سے بخوبی آشنا ہیں انہیں شعبدہ بازی کے نئے گڑ سیکھنے کی بجائے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دینے چاہئیں۔ ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جب تک طاقتور افراد کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا جاتا تب تک قومی وسائل کی لوٹ مار کو روکنا ممکن نہیں، منی لانڈرنگ میں ملوث افراد خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو نیب اس کیخلاف کارروائی کرے۔