وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پذیر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 مئی 2016 13:51

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پذیر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 مئی 2016ء) : وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیران اور قانونی و آئینی ماہرین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پانامہ لیکس پر بنائی جانے والی انکوائری کمیٹی کے ٹی او آرز کا معاملہ زیر غور آیا۔ اجلاس میںوزیر قانون زاہد حامد نے اپوزیشن کے میڈیا پر آنے والے ٹی او آر سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دی ، اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے تیار کردہ ٹی او آرز ہر لحاظ سے جامع اور واضح ہیں۔

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے ٹی او آرز میں پہلے ہی سے تمام نکات موجود ہیں۔۔ اجلاس میں وفاقی وزرا نے پانامہ لیکس میں نام نہ ہونے کے باوجود خود کو احتساب کے لیئے پیش کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزرا نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مرتب کئے گئے ٹی او آرز ذاتی خواہشات پر مبنی معلوم ہوتے ہیں۔

اجلاس میں وزرا نے کہا کہ اپوزیشن کا پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے احتساب کا مطالبہ متعصبانہ ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض وفاقی وزرا نے اپوزیشن پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ وزرا نے اجلاس میں موقف دیا کہ اپوزیشن کے مجوزہ ٹی او آربعض اپنوں کو بچانے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نیت اور ہاتھ صاف ہیں۔

انہوں نے تبصرہ کیا کہ اپوزیشن کا اپنے ٹی او آر کا مطالبہ سمجھ سے بالاتراور حیران کن ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اپنی اتحادی جماعتوں کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لینے کا بھی فیصلہ کیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹی او آرز پر اپوزیشن سے رابطہ تب ہی ہو گا جب باضابطہ طور پر اپوزیشن کے ٹی او آرز موصول ہوں گے ۔ علاوہ ازیں اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ایک اہم پریس بریفنگ بھی دیں گے۔

متعلقہ عنوان :