وزیر اعظم سے پیر صابر شاہ سمیت ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی،ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان قومی اسمبلی کاوزیر اعظم کی قیادت اور پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار ،خیبرپختونخوا سمیت ملک میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی تقدیر بدل دینگے، ملک میں توانائی کے بحران کے خاتمے ،پاک چین اقتصادی راہداری، امن و امان کی بحالی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کواسی رفتار سے جاری رکھا جائیگا۔وزیراعظم محمد نواز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 مئی 2016 16:09

وزیر اعظم سے پیر صابر شاہ سمیت ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی،ملاقات ..

اسلام آباد( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05مئی۔2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی تقدیر بدل دینگے، ملک میں توانائی کے بحران کے خاتمے ،پاک چین اقتصادی راہداری، امن و امان کی بحالی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کواسی رفتار سے جاری رکھا جائیگا،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی مفاد کیلئے کام کرتے ہوئے ملک میں ترقیاتی منصوبوں آغاز کیا۔

وہ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ ،ارکان قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال، ملک شاکر بشیر اعوان اور نجف عباس سیال سے گفتگو کررہے تھے۔جنہوں نے آج وزیراعظم ہاوٴس میں وزیراعظم نواز شریف سے الگ الگ ملاقات کی۔ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے ساتھ اپنے حلقوں میں عوامی مسائل،ترقیاتی کاموں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ عوام ان کے ترقیاتی کاموں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اوراْن کی قیادت اور پالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت فلاح عامہ کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کر رہے ہیں۔عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے پاکستان بھر میں پروگرام پر تیز رفتاری سے عمل درآمد جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انشاء اللہ ملک میں امن و امان کی بحالی، توانائی کے بحران کے خاتمے ،پاک چین اقتصادی راہداری اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کواسی رفتار سے جاری رکھا جائے گا۔پیر صابر شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو کرتت ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام آئندہ 2018ء میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔پیر صابر شاہ نے مزیدکہا کہ وزیراعظم نواز شریف انسداد دہشتگردی کیلئے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے خیبرپختونخوا میں مزید مقبول ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ملک بھر میں ترقیاتی ایجنڈوں کے باعث عوام کے دلوں میں وزیراعظم کیلئے محبت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔