وفاقی وزیر کامران مائیکل نے پی کیو اے ڈاک لیبر بورڈ کے مزدوروں کے مسائل کو حل کرنے کا عندیہ دیدیا

ایک پی کیو اے اور وزارت جہازرانی و بندرگاہ کی مشترکہ کمیٹی کے قیام کا اعلان ،مزدوروں کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا اور ان کا خیال رکھا جائے گا،کامران مائیکل

جمعرات 5 مئی 2016 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے جہازرانی و بندرگاہ سینیٹر کامران مائیکل نے پی کیو اے ڈاک لیبر بورڈ کے مزدوروں میں پائی جانے والی بی چینی کا سدباب کرنے کے لئے ان کے مسائل کو حل کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے ایک پی کیو اے اور وزارت جہازرانی و بندرگاہ کی مشترکہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ مزدوروں کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا اور ان کا خیال رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ پی کیو اے میں ورکرز کنونشن میں خطاب کر رہے تھے اور ان کے اس اعلان کے باعث 26 دنوں سے جاری نیشنل ہائی وے پر مزدوروں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر کامران مائکل نے 11 ماہ کی قلیل مدت میں قائم ہونے والے LNG TERMINAL کو موجودہ حکومت کی بہترین کاوش اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طرف عوام کے لئے تحفہ قرار دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے مزدوروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کاوشوں کے سبب PQA پر 1360MW کا بجلی گھر پر تیزی سے کام جاری ہے اور کہا کہ بلک کوئلہ ٹرمینل بھی اختتامی مراحل سے گزر رہا ہے اور اسی سال دسمبر کو پایہ تکمیل کو پہنچ جائیگا۔ انہوں نے PQA کی کارگو ہینڈلنگ کارگردگی بڑہانے میں ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایک بونس کا بھی اعلان کیا۔