پانامہ لیکس کو ایک ماہ گزر گیا بات خطوں سے آگے نہیں بڑھی، ڈاکٹر طاہر القادری

اپوزیشن کے خط کا تمسخر اڑانے والا کرپٹ ٹولہ حساب دینے کی بجائے آنکھیں دکھا رہا ہے‘اقتدار کیلئے بے گناہوں کو قتل کرنے والے خطوں سے راہ راست پر نہیں آئیں گے ،گفتگو

اتوار 8 مئی 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مئی۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کو ایک ماہ گزر گیا مگر بات خطوں سے آگے نہیں بڑھی،ایک خط وزیر اعظم نے سپریم کورٹ کو لکھا اور دوسرا خط اپوزیشن نے وزیر اعظم کو لکھا اور کہیں سے بھی کسی کو کوئی جواب نہیں مل رہا ۔ وہ گذشتہ پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خط کا تمسخر اڑانے والا کرپٹ حکومتی ٹولہ لوٹ مار کا حساب دینے کی بجائے آنکھیں دکھا رہا ہے، جو حکمران اپنی کرسی کیلئے بے گناہوں کی جانیں لینے کو جرم تصور نہیں کرتے وہ خطوں سے کس طرح راہ راست پر آ سکتے ہیں ؟انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے کھلی کتاب کی طرح کرپشن کے دستاویزی ثبوتوں کے باوجود ہر طرف خاموشی ہے،یوں لگ رہا ہے کہ قومی خزانے کی لوٹ مار کے خلاف بات کرنا چند صحافیوں اور اینکرز کا مسئلہ ہے ۔

(جاری ہے)

عوام چاہتے ہیں کہ قومی دولت کے لٹیروں سے لوٹی گئی پائی پائی وصول کی جائے مگر احتساب کے ادارے لمبی تان کر سوئے ہوئے ہیں ، جب تک عوام حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہو کر ملک بچانے اور قومی خزانے کے ڈاکوؤں سے نجات کا عزم کر کے باہر نہیں نکلیں گے ، احتساب کا عمل شروع نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے اس ڈاکو راج کو چیلنج کرتے ہوئے 14 لاشیں اٹھائیں اور آج دو سال گزر جانے کے بعد بھی تنہا انصاف کی جدوجہد کر رہے ہیں ، 19کروڑ عوام کے حقوق کی بازیابی کیلئے آواز بلند کرنے پر زخمی اور لاشیں دی گئیں ،اس کے باوجود ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے وقت آنے پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ملک بچانے اور ڈاکومکانے کیلئے سب سے آگے ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ دو سال گزر جانے کے بعد بھی ہمیں شہداء کا انصاف نہیں ملا ،پہلے بھی کہا تھا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے اور مظلوم عوام پر انصاف کے دروازے بند نہ کئے جائیں ،لگتا ہے ہماری اس قانون اور امن پسندی کا سفاک حکمران غلط مطلب نکال رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کان کھول کر سن لیں ،کسی صورت خون کا بدلہ خون کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن انصاف کیلئے فیصلہ کن جدوجہد کی تیاری کریں ۔ اجلاس میں سماجی کارکن خرم زکی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :