سابق صدر آصف علی زرداری کا سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کا خیرمقدم

منگل 10 مئی 2016 22:54

اسلام آباد ۔ 10 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی تین سال دہشتگردوں کے قبضے میں رہنے کے بعد بازیاب ہوئے ہیں اور یہ خبر نہ صرف علی حیدر گیلانی اور ان کے خاندان کے لئے بلکہ پوری قوم کے لئے مسرت کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہیں مئی 2013ء میں انتخابات کے موقع پر اغوا کیا گیا تھا۔ ان کا پورا خاندان صبر اور حوصلے کی مثال ہے۔ سابق صدر نے امید ظاہر کی کہ علی حیدر گیلانی اور ان کا خاندان اس واقعے سے جذباتی اور نفسیاتی اثر نہیں لیں گے اور علی حیدر گیلانی جلد ہی خود کو مجتمع کرکے اپنی زندگی گزاریں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ان کی رہائی کیسے ممکن ہوئی اور کس نے کی تاہم جس نے بھی ان کی رہائی میں مدد دی ہے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔