ہائی ویز پر قائم غیر قانونی یو ٹرنز کو جلد ختم کر دیا جائے گا، چوہدری غلام جعفر

منگل 10 مئی 2016 22:59

ملتان۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء )ایس ایس پی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ملتان چوہدری غلام جعفر نے کہا ہے کہ ہائی ویز پر زیادہ تر حادثات کی وجہ غیر قانونی یو ٹرن ہیں جنہیں جلد ختم کیا جا رہا ہے، ہائی ویز پر کسی پیٹرول پمپ، انڈسٹری یا ملز کے سامنے غیر قانونی طریقے سے بنائے گئے یو ٹرن کو ختم کرنے کیلئے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیکٹر ملتان کے چیف پیٹرولنگ افسران کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیف پٹرولیم آفیسر ملک منیر اعوان، عالم شیر وٹو، راؤ محمد اقبال ، محمد رضوان شاہ ، محمد حسن بھٹی اور ضرغام عطاء بلوچ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ایس ایس پی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے کہا کہ ڈی آئی جی سنٹرل زون مرزا فاران بیگ کی ہدایت پر پورے ملتان سیکٹر میں موجود تیس کے قریب غیر قانونی یو ٹرن موجود ہیں جنہیں ہنگامی طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کی تکمیل کیلئے جنرل مینجر این ایچ اے ساؤتھ پنجاب محمد تنویر اسحاق سے گزشتہ روز تفصیلی میٹنگ بھی کی گئی ہے اور این ایچ اے کی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹر میٹیننس محمد رفیق اس آپریشن میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے چیف پیٹرولنگ افسران کوتاکید کی کہ ناجائز اور غیر قانونی یوٹرن کو ختم کرنے میں کسی قسم کے سیاسی یا تنظیمی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔