پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ان کے صاحبزادے کی بازیابی پر مبارکباد

منگل 10 مئی 2016 23:02

اسلام آباد ۔ 10 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ان کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی بہادری اور ثابت قدمی پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیلانی خاندان نے تین سال اعصاب شکن جنگ لڑی اور حالات کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے جس طرح وزیراعظم کی حیثیت سے آئین کا دفاع کیا اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا اسی طرح اپنے لخت جگر کے اغوا کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا۔ فریال تالپور نے فوزیہ گیلانی کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کی خوشی میں برابر کی شریک ہے۔