Live Updates

اپوزیشن عوام کی آنکھوں میں ریت ڈال رہی ہے، عمران خان کے ساتھیوں کے نام بھی پاناما لیکس میں آ چکے ہیں،جمشید دستی

بدھ 11 مئی 2016 16:08

اپوزیشن عوام کی آنکھوں میں ریت ڈال رہی ہے، عمران خان کے ساتھیوں کے نام ..

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر اپوزیشن شور شرابہ کر کے عوام کی آنکھوں میں ریت ڈال رہی ہے، عمران خان حکومت کو کرپٹ کہہ رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھیوں کے نام بھی پاناما لیکس میں آ چکے ہیں۔ بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی کے رہنما مطیع الرحمان کو پھانسی دینے کی مذمت کرتا ہوں، حکومت بنگلہ دیش کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر اپوزیشن جماعتیں شور شرابہ کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں بلکہ عوام کی آنکھوں میں ریت ڈال رہی ہیں جبکہ اپوزیشن اور عمران خان حکومت کو کرپٹ کہہ رہے ہیں جبکہ ان کے دائیں اور بائیں جانب کھڑے ہونے والوں کے نام بھی پاناما لیکس میں آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اپنی پارٹی کے اندر کرپٹ لوگوں کا محاسبہ کریں، دوسروں پر تنقید سے پہلے اپنی جماعت کو صاف ستھرا کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما مطیع الرحمان کو پھانسی دینے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ بنگلہ دیش میں ظلم و زیادتی کی انتہاء ہے، یہ سب کچھ بھارت کے کہنے پر بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے سفارت خانے بند کرے اور تعلقات کو ختم کرے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات