امید تھی کہ وزیر اعظم آج پارلیمنٹ میں‌آ کر سوالوں کا جواب دیں گے،حکومتی صفوں میں حوصلہ شکنی نظر آ رہی ہے، وزیر اعظم دو گھنٹے بول لیں لیکن سوالات کے جواب دے دیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے دفاع کے لیئےبھی کوئی وزیر اب نہیں آ رہا۔ جس دن رانا ثنا اللہ کے بیانات کو سنجیدگی سے لے لیا میری سیاست ختم ہو جائے گی ۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ اعتزاز احسن کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 13 مئی 2016 11:24

امید تھی کہ وزیر اعظم آج پارلیمنٹ میں‌آ کر سوالوں کا جواب دیں گے،حکومتی ..

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 مئی 2016ء) : پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع تھی کہ وزیر اعظم نوازشریف آج پارلیمنٹ میں آ کر ہمارے سوالات کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ وزیر اعظم نواز شریف کے لیے ایک اہم ترین فورم ہے ، اور سیاست میں ماں کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم چاہے دو گھنٹے بول لیں لیکن ہمارے سات سوالات کا جواب دے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وعدہ کر کے بھی تین دن گزر گئے لیکن ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا۔ وزیر اعظم کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ اس گلی میں نہ جاﺅ اگر اس گلی میں گئے تو پھنس جاﺅ گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی صفوں میں حوصلہ شکنی نظر آتی ہے۔ آج چوتھا دن ہے کہ حکومت قومی اسمبلی میں اپنا کورم پورا نہیں کر پا رہی۔

(جاری ہے)

سینئیر وزرا کی حاضری اب پیر کو لگے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم نواز شریف کے سینئیر وزرا بھی خاموش ہیں کوئی بھی وزیر اعظم کا کوئی بھی دفاع نہیں کر رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی آر او اپوزیشن کے ہوتے ہیں ملزم کے نہیں۔ آج بھی سخت مایوسی کے بعد ہم نے ایوان سے واک آﺅٹ کیا ۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ تین سال گزر گئے وزیر اعظم نواز شریف پارلیمنٹ میں نہیں آئے، حکومتی وزرا بھی ایوان میں نہیں آتے ، اب پیر کو سینئیر وزرا کی بھی ایوان میں حاضری لگے گی۔

وزیر اعظم نواز شریف کو اب بھی پہاڑا پڑھایا جا رہا ہے کہ پیر کو انہیں کیا بات کرنی ہے، بچے کو سبق یاد کروانے کی طرح وزیر اعظم کو تقریر یاد کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف اگر پارلیمنٹ میں آ کر ہمارے سوالات کا مفصل جواب دیں گے توہم ان کے بیان پر جرح کریں گے۔ رانا ثنا اللہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ جس دن میں نے رانا ثنا اللہ کی باتوں کو سنجیدگی سے لے لیا میری سیاست اسی روز ختم ہو جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم کمیشن لینے والوں میں سے نہیں ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم نواز شریف کا احتساب کر کے رہیں گی۔