Live Updates

عمران خان کا آف شور کمپنی اکاؤنٹنٹ کے کہنے پر بنانے کا اعتراف

برطانوی شہری نہ ہونے کی وجہ سے آف شور کمپنی بنانا میرا حق تھا ، ٹیکس سے بچنے کے لئے برطانیہ میں آف شور کمپنی بنائی ، حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ ٹی او آرز کے بغیر سپریم کورٹ کمیشن قائم نہیں کر سکتی ، شریف خاندان ان پاکستانیوں میں سے ہے جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں ، نواز شریف نے جو کیا وہ جرم ہے ،میں نے جو کیا وہ جائز ہے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی لندن میں ہیتھرو ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 مئی 2016 22:46

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ انھوں نے 1983میں آف شور کمپنی بنائیتاکہ ٹیکس بچا جا سکے اوراس زمانے میں کاونٹی کرکٹ کے پیسے سے لندن میں فلیٹ خریدا،میں برطانیہ کا شہری نہیں تھا اس لئے میرا یہ حق تھا آف شورکمپنی بناؤں ۔ وہ جمعہ کو لندن میں ہیتھرو ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ نے یک طرفہ ضابطہ کار تیار کرکے سپریم کورٹ کو پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے خط لکھ دیا تھا ۔ جب تک اپوزیشن اور حکومت مل کر کوئی حتمی ضابطہ کار تیار نہیں کر لیتے تب تک اس پر سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن نہیں بنا سکے گا کیوں کہ پھر وہ کمیشن انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کر پائے گا ۔

(جاری ہے)

عمران خان کا پانامہ لیکس میں نام آنے کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں 1980 کی دہائی میں کاوئنٹی کرکٹ کھیلتا تھا انگلینڈ میں اور اس پیسے میں سے 35 فیصد ٹیکس ادا کرتا تھا ۔

عمران خان نے کہا کہ میں برطانیہ کا شہری نہیں تھا اس لئے میرا حق تھا آف شور کمپنی بناؤں۔ آف شور کمپنی اکاؤنٹنٹ کے کہنے پر بنائی تاکہ ٹیکس سے بچا جا سکے یہ کمپنی 1983 میں بنائی انہوں نے کہا کہ میں نے قانونی طریقے سے کمپنی بنائی اور پھر لندن میں فلیٹ خریدا جسے 2003 میں بیچ کر سارا پیسہ پاکستان منتقل کر دیا ۔ عمران خان نے کہا کہ میں ان پاکستانیوں میں سے ہوں جو 19 ارب ڈالر باہر غیر ممالک سے کما کر پاکستان بھیجتے ہیں جس کے اوپر پاکستان چلتا ہے ۔

جب کہ یہاں نواز شریف اور ان کی فیملی ان پاکستانیوں میں سے ہیں جو پاکستان کو تباہ کر رہے ہیں اور پاکستان سے پیسہ کرپشن کرکے ملک سے غیر قانونی طور پر باہر منتقل کرتے ہیں جس سے پاکستان کا روپیہ ڈالر کے مقابلے میں گرتا ہے یہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ میاں نواز شریف نے جو کیا وہ جرم ہے اور میں نے جو کیا یہ جرم نہیں ہے یہ میرا جائز حق ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے عمران خان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یہ پیغام بھی دے چکے ہیں کہ آف شور کمپنی وہی کھولتا ہے جو غیر قانونی آمدنی چھپاتا ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات