حکومت پاناما پیپرز کے معاملے کا شفاف اور غیر جانبدار حل چاہتی ہے،ڈاکٹر مصدق ملک کی پی ٹی وی سے گفتگو

پیر 16 مئی 2016 22:57

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاناما پیپرز کے معاملے کا شفاف اور غیر جانبدار حل چاہتی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں پھر بھی انہوں نے اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام نقطہ اعتراض میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں اپوزیشن کے تمام سوالوں کے جوابات دے دیئے ہیں، اب عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اوپر لگنے والے الزامات سے بھاگنے کی بجائے انکا جواب دیں اور بتائیں کہ انہوں نے اپنی آف شور کمپنی کیوں چھپائی۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے متعدد منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں انکی ٹیم پرعزم ہے کہ جلد ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ منفی اور بے بنیاد الزامات کی سیاست سے گریز کرے اور ملکی فلاح و بہبود میں حکومت کا ساتھ دے تاکہ ملک آگے بڑھے۔

متعلقہ عنوان :