Live Updates

فیصل آباد، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم، پانچ افراد زخمی

زخمیوں میں ن لیگ کے ایم این اے میاں فاروق اور اس کا ڈرائیور بھی شامل

منگل 17 مئی 2016 22:49

فیصل آباد، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم، پانچ افراد ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مئی۔2016ء) مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم پانچ افراد زخمی ۔ زخمیوں میں مسلم لیگ نون کے ایم این اے و چیئرمین سینٹ کمیٹی میاں فاروق اور اس کا ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 20 مئی کو فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اس سلسلہ میں محلہ منصورہ آباد میں تحریک انصاف کے صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار عتیق رضا المعروف لکی شاہ کے ڈیرہ سے مسلم لیگ نون کے ایم این اے میاں عبدالمنان کے قریبی رشتہ دار جا رہے تھے اس دوران دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جس کے نتیجہ میں ہوائی فائرنگ کے ساتھ معاملہ ہاتھا پائی اور مارکٹائی تک پہنچ گیا جس کے نتیجہ میں دونوں طرف کے پانچ کارکن زخمی ہو گئے آن لائن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی راہنما اعجاز چودھری اور حال ہی میں پیپلزپارٹی کو خیر باد کہنے والے راجہ ریاض احمد نے ایک تقریب میں میڈیا کو بتایا کہ مسلم لیگ نون ان کے ساتھ غنڈہ گردی کا مظاہرہ کر رہی ہے مگر ہم گھبرانے والے نہیں اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد شہر میں نصب کئے گئے عمران خان اور نواز شریف کے فلیکس بورڈوں کو توڑنے اور دونوں رہنماؤں کے چہروں کو سیاہ کرنے کا مقابلہ جاری ہے ان حالات میں ضلعی انتظامیہ نہ صرف بے بس نظر آ رہی ہے بلکہ وہ کوشش کر رہی ہے کہ کسی بھی طرح 20 مئی کا جلسہ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خطاب کرنا ہے خیر و عافیت سے گزر جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات