وڈیرے کی جانب سے غریب مزدوروں پر تشدداورغیرانسانی سزا کے خلاف( کل)احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا

اس ظالمانہ واقعہ کے خلاف سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اورسینیٹ میں بھی آوازاٹھائی جائے گی،ڈاکٹرعبدالقادرخانزادہ

جمعرات 19 مئی 2016 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کے شہرنوشہروفیروز میں مقامی وڈیرے کی جانب سے گدھاگاڑی چلانے والے غریب مزدوروں پر تشدداورغیرانسانی سزا دیئے جانے کی شدیدمذمت کی ہے اوراس انسانیت سوزواقعہ کے خلاف کل بروزجمعہ کوشام چاربجے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کااعلان کیا ہے۔ اس بات کااعلان کل خورشیدبیگم سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹرعبدالقادرخانزادہ نے پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان محترمہ زریں مجید اوراسماعیل قریشی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرعبدالقادرخانزادہ نے کہاکہ ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد جماعت ہے جو 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے اور ان کے جائز حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

ملک وقوم پرمسلط فرسودہ جاگیردارانہ ،وڈیرانہ ، سردارانہ اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمہ اور غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کیلئے جدوجہدایم کیوایم کے منشور کاحصہ ہے لہٰذا ایم کیوایم نے جاگیرداروں اوروڈیروں کے ظلم وبربریت کے خلاف ہمیشہ ہر فورم پرا ٓوازاحتجاج بلند کی ہے ۔

انہوں نے سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں پیش آنے والے انسانیت سوز اور انتہائی لرزہ خیز واقعہ کی تفصیل بیان کراتے ہوئے کہاکہ مقامی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق نوشہروفیروز میں غلطی سے ایک وڈیرے محمد بخش مغیجوکی پجیروسے ایک گدھا گاڑی ٹکراگئی جس پر اس وڈیرے اور اس کے غنڈوں نے گدھاگاڑی چلانے والے دو مزدور بھائیوں ایازمیمن اور سہیل میمن کو وحشیانہ تشددکا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

یہ دونوں غریب مزدور بھائی ہاتھ جوڑ کر اس غلطی کی معافیاں مانگتے رہے لیکن سفاک وڈیرے کو ان پر زرہ برابر بھی رحم نہ آیا اور انہیں تشددکا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیاجہاں ان پرمزیدتشددکیاگیا ۔ غریب مزدوروں پر ظلم وتشدد کے باوجود وڈیرے محمد بخش مغیجو کی چنگیزیت کو قرارنہ آیا اور وہ غریب مزدوروں کو تھانے سے اپنی اوطاق میں لے آیا جہاں غیرقانونی جرگہ طلب کرکے جرگے میں موجودپچاس سے زائد افراد کے سامنے ان غریب مزدوروں کو انتہائی ذلت آمیز سزا سنائی گئی۔

ظالم وسفاک وڈیرے نے غیرقانونی وغیرآئینی جرگے کے ذریعہ یہ انسانیت سوز فیصلہ کرایا کہ وڈیرے کی گاڑی سے گدھاگاڑی ٹکرانے کی سزا کے طور پر دونوں غریب مزدور بھائیوں ایاز میمن اور سہیل میمن پورے جرگے کے سامنے وڈیرے محمد بخش مغیجو کے جوتے منہ میں اٹھاکر وڈیرے کے پاس جائیں اور اس کے قدموں پر گر کراوراس کے پیروں پرسررکھ کراس سے معافی مانگیں ۔ جرگے کے سفاکانہ اور ظالمانہ فیصلے کے سامنے غریب مزدورقطعی بے بس تھے اور انہیں اپنی جاں بخشی کیلئے اس ذلت آمیز سزا کوقبول کرتے ہوئے اس سفاک وڈیرے محمد بخش مغیجو کے جوتے منہ میں دباکر اس کے پیروں پر گر کر معافی مانگنی پڑی ۔