ملتان میٹرو بس روٹ کے ساتھ سایہ دار درخت لگانے کے منصوبے پر کام شروع ،دوہزارپودو ں کی شجرکاری کی جائے گی

جمعہ 20 مئی 2016 23:03

ملتان ۔20مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) ملتان میٹرو بس روٹ کے ساتھ سایہ دار درخت اگانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے جس کیلئے درمیانے قد کے گھنے اور سایہ دار درختوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور نیم، بکائن، سکھ چین اور پلکن کے 2 ہزار پودوں کی شجرکاری کی جا رہی ہے۔یہ بات پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ڈائریکٹر چوہدری نصیر احمد نے میٹرو بس روٹ پر جاری لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

میٹرو بس روٹ پر مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں 2 ہزار سایہ دار اور 3 ہزار سے زائد تزئین و آرائش پر مشتمل خوبصورت پودے شامل ہیں۔ خوبصورت اور آرائشی پودے فلائی اوور کے نیچے سپین، چوکوں اور آئی لینڈ زمیں لگائے جا رہے ہیں جبکہ سایہ دار درخت بننے والے پودے میٹرو ٹریک کے ساتھ عمارتوں کی الائنمنٹ کے ساتھ دستیاب جگہوں پر لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر ایمرسن کالج، سائنس کالج، ٹیلی فون ایکسچینج چونگی نمبر 6 کی دیوار کے ساتھ، جناح پارک نیو ملتان کے قریب سروس روڈ اور میٹر وبس ٹریک کے درمیان موجود بیلٹ اور کمہاراں والا چوک پر مٹی کی بھرائی اور پودے لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیام سنیما کے قریب ہمایوں روڈ پر بھی شجرکاری کے پلان پر کام جاری ہے اور جوجگہ میٹروبس انتظامیہ پی ایچ اے کے حوالے کر رہی ہے اس پر لینڈ سکیپنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ چوہدری نصیر احمد نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے پی ایچ اے کی نرسری کے علاوہ پرائیویٹ نرسریوں سے بھی پودے خریدے جائیں گے جس کیلئے ڈائریکٹر پی ایچ اے کی سربراہی میں پرچیز کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :