فیصل آباد،صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید اور سیکرٹری زراعت کیپٹن (ر) محمد محمود کل زرعی یونیورسٹی کا دورہ کریں گے

ہفتہ 21 مئی 2016 22:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 مئی۔2016ء) صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید اور سیکرٹری زراعت کیپٹن (ر) محمد محمود کل پیر 23مئی کو زرعی یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورہ کے دوران وہ کپاس کے جملہ مسائل اور مستقبل کی حکمت عملی پر آسٹریلین سائنس دان ڈاکٹر نیل ولیم فورسٹرکے سپیشل لیکچر میں شرکت کریں گے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں (ستارہ امتیاز) کی جانب سے شعبہ پلانٹ بریڈنگ و جنیٹکس کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت کی سربراہی میں لیکچر کی آرگنائزنگ کمیٹی نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جس میں یونیورسٹی کے جملہ فیکلٹی ممبران کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر سے کپاس کے نمایاں کاشتکار وں‘ ماہرین زراعت اور سیاسی قیادت کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیراور سیکرٹری بعدازاں نیو سنڈیکیٹ روم میں تعلیم‘ تحقیق اور توسیع کے جملہ اُمور کو ایک ہی چھتری تلے مربوط انداز میں آگے بڑھانے کے جائزہ اجلاس میں بھی شریک ہونگے۔ جس کے بعد سکڑتے ہوئے زرعی رقبوں ‘ کم ہوتے ہوئے زرعی منافع اور زرعی مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پیداواری لاگت میں ہونے والے اضافہ کے تناظر میں کوآپریٹوزکے فلسفہ پر غور و خوض کیلئے اجلاس میں شامل ہونگے۔ بعد ازاں وہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات /انسٹی ٹیوٹس کا دورہ بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :