وزیراعلی کا صوبہ کے منتخب اضلاع میں 80،ارب کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ شاندارانقلابی قدم ، لوگوں کی صحت کا معیار بہتر ہوگا، ارکان اسمبلی

ہفتہ 21 مئی 2016 22:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے صوبہ کے منتخب اضلاع میں 80،ارب روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ شاندارانقلابی قدم ہے جس کی بدولت لوگوں کی صحت کا معیار بہتر ہوگا۔یہ بات ارکان اسمبلی نے ایک اجلاس کے دوران کہی جس میں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب صاف پانی کمپنی وسیم اجمل نے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی میاں محمد فاروق،رجب علی خاں بلوچ،رائے حیدر علی کھرل،چوہدری محمد افضل ساہی،عارف محمود گل،حاجی خالد سعید،جعفر علی ہوچہ،رائے عثمان کھرل ودیگر کے علاوہ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن خادم حسین جیلانی،محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور پنجاب صاف پانی کمپنی کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی نے وزیراعظم محمدنوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ترقیاتی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے سے مصفا پانی کی فراہمی کے منصوبے بہت بڑی نعمت ہیں جن کی بدولت ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے جہاں زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں اور لوگ مشکلات کاشکار ہیں ۔

انہوں نے صاف پانی کے منصوبوں کی تیزرفتار تکمیل کے سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ایم ڈی پنجاب صاف پانی کمپنی وسیم اجمل نے بتایا کہ جامع سروے مکمل کرنے کے بعد پنجاب کے 14اضلاع کی 35تحصیلوں میں صاف پانی کی فراہمی کے تین سالہ پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کے لئے آٹھ پیکجز ترتیب دئیے گئے ہیں پہلے پیکج میں ضلع فیصل آباد کی پانچ تحصیلیں جڑانوالہ،تاندلیانوالہ،چک جھمرہ،سمندری اور صدر شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان تحصیلوں میں صاف پانی کے منصوبوں پر 18،ارب روپے لاگت آئے گی جو دسمبر2017تک مکمل کرلئے جائیں گے۔اس مقصد کے لئے محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صاف پانی کے ان منصوبوں کی دیکھ بھال اور آپریشنل کے لئے کمیونٹی کی معاونت حاصل کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :