وزیر مملکت انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے پاکستان میں جرمن سفیر کی جی آئی زیڈ کے وفد کے ہمراہ ملاقات

بدھ 25 مئی 2016 22:55

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وزیر مملکت انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے پاکستان میں جرمن سفیر مس اینا لیپل نے افغانستان اور جرمن امدادی ادارہ (جی آئی زیڈ) کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں ٹیکنیکل و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کی پالیسی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن سفیر اینا لیپل، جی آئی زیڈ کی ٹیم اور افغان وفد کے اراکین نے پاکستان کی ٹیکنیکل و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کی پالیسی کو سراہا اور پاکستان میں ٹیکنیکل تعلیم کے پروگرام پر عملدرآمد کیلئے جرمن ادارہ جی آئی زیڈ کے ساتھ اشتراک کار اور ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرنے پر بلیغ الرحمن کی تعریف کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کی پالیسی پر جلد ہی عملدآمد کرائیں گے کیونکہ یہ بڑے غوروخوض کے بعد بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے وفد کو پاکستان میں ٹیکنیکل و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے متعلق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ٹیکنیکل و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کی ضرورت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شعبہ کیلئے فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے اور 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات کی منتقلی کے باعث ابتدائی طور پر ٹیکنیکل تعلیم و تربیت کی پالیسی پر وفاقی دارالحکومت میں عملدرآمد کیا جائے گا جس کے بعد صوبے اگر چاہیں تو اس پالیسی سے رہنمائی لے سکیں گے۔

وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے پاکستان میں تعلیم کے کم از کم معیارات کو حتمی شکل دینے پر تمام شراکت داروں اور خاص طور پر جی آئی زیڈ کا شکریہ ادا کیا۔ افغان وفد کے سربراہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں ٹیکنیکل و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے اعلیٰ معیار سے متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر مملکت نے وفد کو ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔ آخر میں وزیر مملکت نے وفد کے اراکین کو ستائشی شیلڈز وغیرہ دیں۔ ملاقات میں وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام اور نیو ٹیک کے اراکین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :